128

پاکپتن: پانی کی کمی کے مسئلہ کا حل صرف شجر کاری میں ہے۔ غلام رسول پاکستانی



پاکپتن (رانا صفدر سے) پانی کی کمی کے مسئلہ کا حل صرف شجر کاری میں ہے۔ ان خیالات کا اظہارغلام رسول پاکستانی کنوینیئرپی ایس اے گرین پاکستان کلین پاکستان نے گذشتہ روز ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کا اہتمام انجمن فلاح مریضاں رجسٹرڈ نے صاف پانی کی کمی کی وجوہات اور حل کے عنوان سے کیا تھا۔ غلام رسول پاکستانی نے مذید کہا کہ اس وقت پوری دنیا کو گلوبل وارمنگ کا سامنا ہے جس کی وجہ سے زمین پر موجود گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں۔ جس کے باعث صاف اور میٹھا پانی ہمیں فائدہ پہنچانے کے بجائے سیلاب کی صورت میں ہمیں نقصان پہنچانے کے بعد سمندر میں گر کر ضائع ہورہا ہے اور زمین کے اندر موجود پانی ہم کھینچ کر بے دریغ استعما ل کرکے ضائع کررہے ہیں۔

کم ہوتے بلکہ ختم ہوتے ہوئے قابل استعمال پانی میں اضافہ صرف اور صرف بارشیں ہیں اور بارشیں ہونے کی وجہ صرف درخت ہی بن سکتے ہیں اس لیے ہمیں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہوں گے۔ اور پہلے سے موجود درختوں کو کاٹنے کے سلسلہ کو روکنا ہوگا۔ بصورت دیگر ہم خود اپنے تئیں موت کے گڑھے میں گرکر صفحہ ہستی سے مٹ جائیں گے۔

اس لیے ہمیں انفرادی اور اجتماعی طور پر شجر کاری پر توجہ دینا ہوگی اور اپنے حصہ کے درخت لگا کر ان کو پروان چڑھانا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں