70

ساہیوال: عوام اب ووٹ چور حکمرانوں سے چھٹکارا چاہتے ہیں. ملک ندیم کامران

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) ممبرصوبائی اسمبلی پنجاب ملک ندیم کامران نے کہاہے کہ مہنگائی کیخلاف عوامی احتجاج دراصل حکمرانوں کیخلاف عوامی ریفرنڈم ہے۔عوام اب ووٹ چور حکمرانوں سے چھٹکارا چاہتے ہیں، عمران خان اور اسکے حواری عزت سے گھر چلے چائیں تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔ ان خیالات کا اظہارمہنگائی کیخلاف نکالی گئی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔

ریلی جوگی چوک سے دیپالپوربازار‘پاکپتن بازار‘صدربازار سے ہوتی ہوئی واپس جوگی چوک پہنچ کر اختتام پذیرہوئی جہاں ایم این اے اوکاڑہ ریاض الحق جج‘ضلعی جنرل سیکرٹری راؤ نذرفریدندیم ایڈووکیٹ اوررہنماء مسلم لیگ (ن)ملک غازی عباس سگھلہ نے بھی خطاب کیا۔سینئرنائب صدرمسلم لیگ (ن)پنجاب ملک ندیم کامران نے کہا کہ ملک بھر میں ہونیوالے مہنگائی کے خلاف احتجاج کے بعد د ووٹ چور حکومت کے پاس رہنے کا کوئی اخلاقی جواز باقی نہیں رہا۔ ملکی معیشت کا بیڑا غرق کرکے معیشت کو آسمان کی بلندیوں پر لے جانے کے جھوٹے دعوے کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

مہنگائی کے باعث عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔مہنگائی اور بیروزگاری کے باعث عوام خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ مسلم لیگ ن ہی عوام کی واحد نمائندہ جماعت ہے جو ظالم حکمرانوں سے انہیں چھٹکارا دلائے گی۔ایک سازش کے تحت تین بار وزیرا عظم رہنے والے عوامی لیڈر میاں نواز شریف، میاں شہبازشریف، مریم نواز،حمزہ شہباز اور دیگر لیڈران پر جھوٹے کرپشن کے الزامات لگائے گئے،شریف خاندان سمیت اپوزیشن رہنماؤں پرنیب نیازی گٹھ جوڑ کے ذریعے من گھڑت کرپشن کے الزامات لگا کر پابند سلاسل کیا گیا اور آج تک ایک بھی الزام عدالتوں میں ثابت نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور اس کے رہنماؤں کا جرم یہ ہے کہ انہو ں نے پاکستان کو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کیا، ملکی معیشت بہتر بنا کر ملک میں خوشحالی لائے۔ ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کا وقار بلند کیا۔ موٹر ویز اور دیگر بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے آج بھی اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ جتنی ترقی و خوشحالی مسلم لیگ ن کے دور میں ہوئی وہ پاکستان کے کسی دور میں کوئی نہیں کر سکا۔ ووٹ چور حکمرانوں نے ملکی معیشت سمیت ملکی اداروں کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔

عوام دہائیاں دے رہے ہیں کہ ہمیں نیا پاکستان نہیں چاہئے ہمیں پرانے پاکستان میں ہی واپس لے جاؤ۔ اس میں کم از کم خوشحالی تو تھی آج غریب ایک وقت کی روٹی سے بھی محروم ہو چکا ہے۔ان شاء اللہ آئندہ انتخابات میں عوام کو نہ گھبرانے کا مشورہ دینے والوں کو عوام بھی گھبرانے کا موقع نہیں دیں گے اور انہیں پاکستان سے بھاگنے پر مجبور کر دیں گے۔ مسلم لیگ (ن)عوامی ووٹوں کی طاقت سے بھاری اکثریت سے جیت کر وفاق اور صوبوں میں حکومت بنائے گی اور ایک بار پھر ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن اور ایشین ٹائیگر بنے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں