28

ساہیوال: اساتذہ پر زور دیا ہے کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں. واجد علی شاہ، ڈپٹی کمشنر.

ساہیوال ( ) ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے اساتذہ پر زور دیا ہے کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں تاکہ انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جا سکے۔ روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ معاشرتی اقدار سے آگاہی بچے کی متوازن شخصیت کے لئے انتہائی ضروری ہے جس کے لئے عملی کوششیں کی جانی چاہیں۔

انہوں نے یہ بات قائد اعظم ایلیمنٹری کالج میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو خواندگی کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقد کی گئی تھی۔ تقریب میں سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد راشد، ڈی او لٹریسی شازیہ اقبال، ڈی او ایلیمنٹری فوزیہ اعجاز، ڈی او سپیشل ایجوکیشن عبدالکریم، پرنسپل قائد اعظم ایلیمنٹری کالج سمیعہ انور، ریجنل ڈائریکٹر اوپن یونیورسٹی ڈاکٹر محمد انیس اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر نوید عظمت سمیت نان فارمل سکولوں کی اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کو اپنے اور بزرگوں سے قریب کریں اور ان سے مکالمہ کریں تاکہ ان کے مسائل اور پریشانیوں کو سمجھ کر انہیں حل کیا جا سکے جس سے بچوں میں رواداری، آپس میں پیار اور برداشت پیدا ہوگی۔ انہوں نے نان فارمل سکولوں کی کارکردگی کو سراہا اور انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دلایا۔

تقریب میں ساہیوال ضلع میں سب سے اعلیٰ کارکردگی پر ٹیچر ارشاد بی بی کو خصوصی شیلڈ اور 10ہزار روپے نقد انعام دیا گیا جو پنجاب بھر میں تیسرے نمبر پر بھی آئی ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیچرز تنزیلہ خالد اور کلثوم اختر کو بھی خصوصی شیلڈز دی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں