60

ساہیوال: شہر میں جاری واٹر اور سیوریج کے میگا پراجیکٹ سے ساہیوال کی اگلے 30 سال کی ضروریات پوری ہوں گی. علی بہادر قاضی. کمشنر

ساہیوال(خصوصی رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ شہر میں جاری واٹر سپلائی اور سیوریج کے میگا پراجیکٹ سے نہ صرف شہریوں کو بہتر سہولیات مہیا ہونگی بلکہ ساہیوال کی اگلے 30سال کی ضروریات بھی پوری ہوں گی۔

انہوں نے مذید کہا کہ متعلقہ ادارے جاری کاموں پر رفتار تیز کریں اور کام کے دوران پیش آنے والی مشکلات کو فوری دور کریں۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں سٹی امپرومنٹ پروگرام کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کے تحت شہر میں 11ارب روپے کے ترقیاتی کام کئے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈنیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس احمد خاور شہزاد، ڈی جی پی ایچ اے محبوب احمد، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان، چیف میٹروپولیٹن آفیسر فرمائش علی خان اور ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد کے علاوہ متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر نے زور دیا کہ منصوبے کی تکمیل کے دوران کوئی درخت نہ کاٹا جائے اور سیوریج اور واٹر سپلائی لائنیں بچھانے کے دوران سڑکوں کو بھی کم سے کم نقصان پہنچایا جائے۔

انہوں نے فتح شیر روڈ اور ملحقہ سڑکوں کی تعمیر میں تاخیر پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ عوام کو درپیش مشکلات کے مدنظر ان سڑکوں کی تعمیر جلد شروع کی جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 24کروڑ 40لاکھ روپے سے فتح شیر روڈ اور 2 ملحقہ سڑکوں کی تعمیر کی جائے گی جس کے لئے ٹینڈر اگست میں جاری ہونگے۔ اس کے علاوہ 15کروڑ 20لاکھ روپے سے شہر کے 3 پارک مکمل ہو چکے ہیں جنہیں عوام کے لئے جلد کھول دیا جائے گا۔

کمشنر علی بہادر قاضی نے منصوبے کے تحت میٹروپولیٹن کارپوریشن کو مہیا کی جانے والے مشینری پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے شہر کی صفائی کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے مشینری کو آپریٹ کرنے کے لئے ڈرائیورز اور دیگر سٹاف کی بھرتی کے لئے سمری محکمہ لوکل گورنمنٹ کو بھجوانے کی بھی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں