46

ایبٹ آباد: سوہنی دھرتی ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے چیئرمین محمد ساجد اعوان کو ویجیلنٹ پاکستان نے بیسٹ سوشل ورکر ایوارڈ سے نواز دیا.

ایبٹ آباد (محمد طارق چوہدری سے) سوہنی دھرتی ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے چیئرمین محمد ساجد اعوان کو ویجیلنٹ پاکستان نے بیسٹ سوشل ورکر ایوارڈ سے نواز دیا.

سوہنی دھرتی ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کی سلور جوبلی تقریبات کے موقع پر ویجیلنٹ پاکستان کے چیف ایگزیکٹو یاسر تاتاری نے محمد ساجد اعوان کی ان کی25 سالہ خدمات کے اعتراف میں انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں بیسٹ سوشل ورکر کے ایوارڈ سے نوازا، اس حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد ایبٹ آباد میں ہوا.

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ویجیلنٹ پاکستان کے چیف ایگزیکٹو یاسر تاتاری نے کہا کہ تہذیب یافتہ قومیں معاشرے میں سماجی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں،ان کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد میں سماجی سطح پر محمد ساجد اعوان کسی تعارف کے محتاج نہیں جنہوں نے درپیش حالات اور ہنگامی بنیادوں پر زلزلہ سے لیکر ہر سیکٹر میں اپنی بے پناہ خدمات سرنجام دیں، اس موقع پر تقریب میں ملک نواز، وقاص مرزا، پاکستان فیڈرل کونسل آف کالمسٹ خیبر پختونخواہ کے صدر راشد علی راشد، سردار اورنگزیب، صحافی دلدار ستی، محمد ذلان ملک اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں، اس موقع پرویجیلنٹ پاکستان کے چیف ایگزیکٹو یاسر تاتاری کا مزید کہنا تھا کہ محمد ساجد اعوان ایک چمکتے ہوئے ستارے ہیں جن کی تقلیدمعاشرے کے ہر فرد کو کرنی چاہیے، ان کا کہنا تھا محمد ساجد اعوان نے سماجی خدمات میں ایک مثال قائم کی ہے، معاشرے میں محروم طبقات کی بہتری، باپ کی شفقت سے محروم بچوں، مستحق طلباء وطالبات کو بامعنی اور بامقصد و ذمہ دارشہری بنانے میں محمدساجد اعوان کی خدمات سنہرے حروف میں ہمیشہ یاد رکھی جائینگی، جنہوں نے ایبٹ آباد میں بے سہارا بچوں کی سرپرستی کا فریضہ سرانجام دیکر یہ ثابت کیا کہ دنیا میں کوئی کام مشکل نہیں، بلکہ اس کے لئے جذبہ خدمت اور انسانی ہمدردی کی ضرورت ہوتی ہے.

ویجیلنٹ پاکستان کے چیف ایگزیکٹو یاسر تاتاری نے چیئرمین سوہنی دھرتی ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن محمد ساجد اعوان کی جانب سے انسانی حقوق کیلئے ان کی بے مثل جدو جہد پر بھی انہیں خراج تحسین پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ اپنے شعبہ ہائے زندگی میں گرانقدر خدمات سرانجام دینے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہمارا معاشرتی، مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے، اس موقع پر چیئرمین سوہنی دھرتی ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن محمد ساجد اعوان نے سی او ویجیلنٹ پاکستان یاسر تاتاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی فلاحی کاموں کے لیے وقف ہے، نیک نیتی سے سماجی خدمات کا موقع ملنا اللہ کا احسان ہے جس کا جتنا شکر ادا کریں کم ہیں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ اسی جذبہ کے تحت خدمت کامشن جاری رکھیں گے اور وہ اللہ سے دعا گو ہیں کہ اللہ کریم انہیں استقامت نصیب فرمائے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں