54

ساہیوال: پرنٹ میڈیا ایسوسی ایشن کی جانب سے سینئر صحافیوں کے لئے تقریب اعزاز کا انعقاد

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) پرنٹ میڈیا ایسوسی ایشن کی جانب سے سینئر صحافیوں کے لئے تقریب اعزاز کا انعقاد، 50سالہ صحافتی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا، چوہدری محمد اسماعیل، چوہدری رشید اکمل، چوہدری اقبال حسین اور پرنس عنایت علی خان کی صحافتی خدمات نوجوان صحافیوں کے لئے مشعل راہ ہیں، مقررین کا اظہار خیال-

تفصیلات کے مطابق پرنٹ میڈیا ایسوسی ایشن کی طرف سے تحصیل کونسل ہال میں شہر کے4 نامور صحافیوں کی 50 سالہ خدمات پر تقریب اعزاز منعقد ہوئی جس میں صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی- تقریب کے مہمان خصوصی اے ڈی سی جنرل شیر افگن جبکہ مہمان اعزاز چیئر مین پی ایچ اے چوہدری علی شکور خاں تھے۔

تقریب میں ایسوسی ایشن کے صدر رانا مزمل سعید، چیئر مین چوہدری الطاف الرحمن، جنرل سیکرٹری راؤ عتیق، سینئر صحافیوں چوہدری وسیم حفیظ، افضال احمد چوہدری، امتیاز احمد بٹ،رانا وحید احمد، نوید غنی، مہر محمد عباس، سید طمطراق شاہ، چوہدری محمد عثمان، میاں ممتاز احمد، چوہدری احسن وحید ایڈوکیٹ، آصف نواز اعوان، چوہدری شبیر احمد اور ذاکر حسین کھوکھر کے علاوہ سول سوسائٹی کے ارکان سابق چیئر مین پی ایچ اے حاجی احسان الحق ادریس، سابق صدر ساہیوال چیمبر چوہدری عامر صدیق، ایلڈر دلبر جانی، باسط حفیظ، شیخ اعجاز احمد اور میاں بابر صغیر نے بھی شرکت کی-

مقررین نے چاروں بزرگ صحافیوں کی شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور اسے نوجوان صحافیوں کے لئے مشعل راہ قرار دیا- انہوں نے کہا کہ بہترین صحافت کٹھن حالات میں سچ کے پرچم کو سر بلند کرنا ہے اور صحافیوں کو چاہیے کہ وہ ذاتی مفادات اور پسند نا پسند سے بالاتر ہو کر معاشرے کی خدمت کریں- مقررین نے زور دیا کہ ہر خبر کی سچائی کا تعین کرنے کے بعد اسے عوام تک پہنچایا جائے تا کہ ریاست کے اس چوتھے ستون پر عوام کا اعتماد بر قرار رہے- انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کو ارباب اختیار تک پہنچانا صحافت کی بنیادی ذمہ داری ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ عوام کو شعور عطا کرنا اورانہیں سچ اور جھوٹ میں تفریق کرنے کی تمیز دینا بھی صحافت کا فرض ہے جسے کسی دباؤ کے بغیر پورا کیا جا نا چاہیے- اے ڈی سی جنرل شیر افگن نے ساہیوال میں صحافی کالونی کے قیام میں انتظامیہ کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا-

تقریب میں 50سالہ صحافتی خدمات پر چوہدری محمد اسماعیل،چوہدری رشید اکمل،چوہدری اقبال حسین اور پرنس عنایت علی خاں کو خصوصی شیلڈز پیش کی گئیں جبکہ سابق صوبائی وزیر ملک اقبال احمد لنگڑیال کی وفات پر خصوصی دعائے مغفرت بھی کی گئی –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں