184

ساہیوال: ابھی تک ضلع بھر میں ڈینگی کا کوئی ایک مریض بھی سامنے نہیں آیا جو کہ قابل ستائش بات ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد فاروق اکمل.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد فاروق اکمل نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے ڈینگی بخار کو کنٹرول کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھا ئے جس دوران تمام سرکاری اداروں نے محکمہ صحت کے شانہ بشانہ کام کیا، انہی اقدامات کی بدولت ابھی تک ضلع بھر میں ڈینگی کا کوئی ایک مریض بھی سامنے نہیں آیا جو کہ قابل ستائش بات ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کام کیا جائے تاکہ ڈینگی وائرس کو پنپنے سے پہلے ہی ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بات ڈی سی آفس میں ضلع ساہیوال میں ڈینگی مچھروں کے تدارک کے ہفتہ وار جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سی ای او ایجوکیشن محمد سجاد اسلم،ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس ڈاکٹر فریحہ جعفر اورڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ڈاکٹر سعد بن سعید کے علاوہ متعلقہ تمام محکموں کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے سکولوں اور کالجز انتظامیہ کو ہدایت کی کہ طلبا و طالبات کو صفائی کی اہمیت اور ڈینگی مچھروں کے تدارک کے حوالے سے خصوصی تربیتی مہم جاری رکھی جائے تا کہ وہ اپنے گھروں کو صاف رکھنے میں معاون ثابت ہوسکیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد فاروق اکمل نے زور دیا کہ جس طرح ڈینگی کے خلاف کام کیا گیا اسی جذبے کے ساتھ پولیو کے خاتمے کیلئے بھی تمام متعلقہ محکموں کو کام کرنے کی ضرورت ہے تا کہ مستقبل کے معماروں کو مستقل معذوری سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں صرف افغانستان اور پاکستان میں پولیو کیسز کا رپورٹ ہونا ہمارے لیے باعث شرمندگی ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ڈینگی کی طرح پولیو کیلئے بھی ایک مربوط آگہی مہم چلائی جائے تا کہ پولیو ویکسین کے خلاف فرضی منفی باتوں کو ختم کر کے عوام کو آمادہ کیا جائے کہ وہ اپنے بچوں کو ویکسین پلوا کرہمیشہ کی معذوری سے بچا سکیں۔انہوں نے صوبائی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات اور ہدایات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی اور تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے محکمے کے لئے مختص بنچ مارک پر پوری طرح عمل کو یقینی بنائیں تا کہ ڈینگی کی طرح پولیو مہم کے بھی مثبت اثرات جلد ظاہر ہوں اور ملک بھر سے اس موذی بیماری کا خاتمہ ممکن ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں