186

ساہیوال: آبادی میں بے تحاشا اضافہ ملکی وسائل کو بے دردی سے کھا رہا ہے، محمد عامر جان، سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) صوبائی سیکرٹر ی پاپولیشن ویلفیئر محمد عامر جا ن نے کہا ہے کہ آبادی میں بے تحاشا اضافہ ملکی وسائل کو بے دردی سے کھا رہا ہے جس سے ملک کی سماجی ترقی متاثر ہو رہی ہے اور ہر شخص کو تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کا ھدف حاصل کرنا نا ممکن ہوچکا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ وسائل کے مطابق آبادی میں اضافہ کیا جائے جس میں ماں اور بچے کی صحت کو بھی اولین ترجیح دیتے ہوئے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ رکھا جائے- معاشرے کے تمام طبقات خصوصا علماء کرام، میڈیا، سماجی و سیاسی شخصیات، اساتذہ اور منتخب نمائندے عوام میں چھوٹے خاندان سے متعلق شعور اجاگر کریں- وہ یہا ں کمشنر آفس میں محکمہ بہبود آبادی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ہونے والے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے.

اجلاس میں کمشنر ساہیوال ڈویڑن محمد احسن وحید، ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید، ڈی جی بہبود آبادی محمد مالک بھلہ، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر صادق سلیم، ڈسٹرکٹ آفیسر بہبود آبادی شاہد رضا خان اور متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی- انہوں نے کہا کہ پنجاب کی موجودہ آبادی 11کروڑ ہے اور اگر اسی رفتار سے اضافہ جاری رہا تو اگلے 15سالوں میں یہ دگنی ہو جائے گی۔ 1986 میں فرٹیلٹی ریٹ 6 تھا جو اب 3.7 ہوا ہے جبکہ باقی دنیا میں یہ شرح 2 فیصد سے بھی کم ہے- انہوں نے محکمہ بہبود آبادی کے فیلڈ سٹاف کو ضلعی انتظامیہ کے ماتحت کرنے کی یقین دلانی کراتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ان کی سرگرمیوں کو مانیٹر کریں گے تا کہ کارکردگی بہتر ہو سکے- انہوں نے سکولوں میں بچوں کو جنسی ہراسمنٹ سے بچنے کے لئے آگہی فراہم کرنے کے لئے خصوصی لیکچرز کے اہتمام کا بھی اعلان کیا- اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل محمد مالک بھلہ نے بتایا کہ صوبے بھر میں 129 فیملی ہیلتھ کلینک اور 2100 فیملی ویلفیئر سنٹر جبکہ ساہیوال ڈویڑن میں 7 فیملی ہیلتھ سنٹرز اور 176 فیملی ویلفیئر سنٹرز عوام کو بہبود آبادی کی خدمات فراہم کر رہے ہیں- سیکرٹری محمد عامر جان نے ضلع اوکاڑہ کی ناقص کارکردگی پر نا پسندیدگی کا اظہار کیا اور اسے 2 ماہ میں بہتر بنانے کی ہدایت کی- بعد ازاں سیکرٹری بہبود آبادی نے قیوم ہسپتال اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا اور وہاں بہبود آبادی کی فراہم کی جانے والی سروسز کا جائزہ لیا-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں