192

ساہیوال: نوجوان نسل کی کردار سازی میں معیاری تعلیمی اداروں کا اہم کردار ہے، محمد احسن وحید، کمشنر.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویڑن محمد احسن وحید نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کی کردار سازی میں معیاری تعلیمی اداروں کا اہم کردار ہے اور اساتذہ کو چاہیے کہ وہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں تربیت کے زیور سے بھی آراستہ کریں۔ ملک کے روشن مستقبل کے لئے ضروری ہے کہ طلبا و طالبات کو جدید تعلیم سے آراستہ کیا جائے تاکہ انہیں چیلنجز سے عہدہ برا ہونے کی تربیت میسر ہو-

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں کیڈ ٹ کالج اوکاڑہ سے متعلقہ بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں پرنسپل کالج کمانڈر (ر) محمد شمیم اختر کے علاوہ ایڈیشنل کمشنر ایس ڈی خالد اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حافظ انیس الرحمن نے بھی شرکت کی- پرنسپل نے بتایا کالج میں کلاسز کا اجراء 2011سے شروع ہوا اور اس وقت 444 طلبہ آٹھویں سے بارہویں کلاس تک زیر تعلیم ہیں۔ سال 2019 میں 147 ریکارڈ طلبہ نے آٹھویں کلاس میں داخلہ لیا جبکہ 2020 کی کلاس کے لئے اب تک 780 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں- انہو ں نے بتایا کہ کالج میں نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کو بہت اہمیت دی جا رہی ہے تا کہ بچوں کی یکساں کردار سازی ہو سکے اور انہیں ذہنی اور جسمانی مضبوطی مل سکے- کمشنر محمد احسن وحید نے کیڈٹ کالج کی نصابی و ہم نصابی کامیابیوں کو سراہا اور پرنسپل کمانڈر (ر) محمد شمیم اختر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا- انہوں نے یقین دلایا کہ کالج کی ضروریات کو پورا کرنے اور اسے مزید ترقی دینے کے لئے انتظامیہ بھر پور مدد جاری رکھے گی-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں