198

ساہیوال: سرکاری تعلیمی اداروں میں سٹوڈنٹ کونسلز کے قیام کا بنیادی مقصد طلبا و طالبات کی شخصیت میں نکھار لانا ہے، ڈاکٹر احتشام انور ڈپٹی کمشنر.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) ڈپٹی کمشنر بیرسٹر ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ طلبا و طالبات کی کردار سازی اور تربیت میں تعلیمی اداروں کا اہم کردار ہے اور اساتذہ کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ بہترین تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں تا کہ بچوں کو مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار کیا جا سکے اور وہ بہتر طریقے سے ملک و قوم کی خدمت کر سکیں- سرکاری تعلیمی اداروں میں سٹوڈنٹ کونسلز کے قیام کا بنیادی مقصد طلبا و طالبات کی شخصیت میں نکھار لانا، انہیں اعتماد دینا اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا ہے-

وہ یہاں گورنمنٹ کمپری ہنسو سکول میں ضلع کے 1157سرکاری سکولوں میں سٹوڈنٹ کونسلز کے منتخب عہدیداران کی حلف برداری کی نمائندہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جس میں اے ڈی سی جنرل محمد فاروق اکمل، سی ای او ایجوکیشن سجاد اسلم اور چیئر مین پی ایچ اے چوہدری علی شکور سمیت سول سوسائٹی کے اراکین، سرکاری ملازمین، والدین، اساتذہ اور طلبا وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی- انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو نظم و ضبط کا پابند اور ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا رول ماڈل ہونا چاہیے تا کہ زیرتعلیم طلبا و طالبات اپنے اندر اعتماد پیدا کریں او ران کی صلاحیتوں کو نکھار ملے جو انہیں عملی زندگی میں آگے بڑھنے میں بہت ممد و معاون ثابت ہوگا-

ڈپٹی کمشنر بیرسٹر ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ سٹوڈنٹ کونسلز کے قیام کے بعد دوسرے مرحلے میں تمام سکولوں میں ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا- بزم ادب کا خصوصی اہتمام ہو گا، لائبریری میں طلبا وطالبات کے جانے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی او ران میں کتب بینی کی عادت کو فروغ دیا جائے گا. جس کے لئے ہر سکول میں بچوں کے رسائل کا اجراء کیا جا رہا ہے- تقریب سے خطاب میں سی ای او ایجوکیشن سجاد اسلم نے سٹوڈنٹ کونسلز کے قیام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور طلبا و طالبات میں پائے جانے والے جوش و خرو ش کو اجاگر کیا- بعد ازاں ڈپٹی کمشنر بیرسٹر ڈاکٹر احتشام انور نے ساہیوال شہر کے سکولوں میں منتخب ہونے والے صدور سے حلف لیا- حلف برداری کی یہ تقریب ضلع بھر کے تمام سرکاری سکولوں میں بھی بیک وقت منعقد ہوئی-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں