190

ساہیوال: بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، چوہدری زاہد اقبال.

ساہیوال (مل دلاور سلطان) ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانی کمیشن کے چیئرمین چوہدری زاہد اقبال نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں جن کے مالی مفادات کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

چوہدری زاہد اقبال نے مذید کہا ہے کہ بیرون ملک خون پسینے کی کمائی سے قیمتی زرمبادلہ بھیجنے والے ان محب وطن شہریوں کی جائیدادوں پر ناجائز قبضے سرمایہ کاری میں بھی بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے یہ بات کمیشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور، ڈی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء، اے ڈی سی ریونیو اسد رضا کاظمی، اے ڈی سی جنرل محمد فاروق اکمل اور اسسٹنٹ کمشنر سفیان دلاور بھی شریک تھے۔ اجلاس میں کمیشن کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جس میں بتایا گیا کہ ضلعی دفتر کو اب تک 268 شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 145 کو حل کر دیا گیا ہے، 30 شکایات سول کورٹ میں زیر سماعت ہونے کی وجہ سے دائرہ اختیار سے باہر ہیں جبکہ 86 شکایات زیر التوا ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر دونوں فریقوں کو طلب کر کے شکایات کے ازالے کی رفتار تیز کیا جائے تا کہ کمیشن کے قیام کا مقصد پورا کیا جا سکے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ ہر شکایت پر فریقین کو مکمل سنا جائے گا اور انصاف کے تقاضے پورے کر کے فیصلہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء نے پولیس کی بھر پور معاونت کابھی یقین دلوایا اور فریقین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ مالی تنازعات کو صلح صفائی سے حل کرنے کی پوری کوشش کریں۔ اجلاس میں کاٹن جنرانیس الرحمٰن کی طرف سے ایک چینی تاجر لی فن کے خلاف 78 لاکھ روپے کی عدم ادائیگی، انگلینڈ میں مقیم عبدالستار کی نئی آبادی میں مکان کی وراثتی تقسیم اور انگلینڈ ہی میں مقیم محمد اکرم کی وراثتی زمین کی فروخت کے خلاف متعدد درخواستوں پر سماعت کے بعد فیصلے کیے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں