202

ساہیوال: بچے ہمارا مستقبل ہیں، والدین اور اساتذہ کو ان کی مناسب انداز میں رہنمائی کرنی چاہئے، ڈاکٹر احتشام انور، ڈپٹی کمشنر.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) ڈپٹی کمشنر ساہیوال ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں، والدین اور اساتذہ کو ان کی مناسب انداز میں رہنمائی کرنی چاہئے اور ان کی کردار سازی کریں تاکہ وہ معاشرہ کا مفید شہری بن سکیں کیونکہ محنت کبھی ضائع نہیں ہوتی، جب کہ محنت کے سوا کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ بھی نہیں ہوتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع بھر کے سرکاری اسکولوں میں سٹوڈنٹ کونسلز کے عہدیداران کیلئے طلباء و طالبات کے مابین الیکشن ڈے کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں کیا۔

سٹوڈنٹ کونسلز کے قیام کا مقصد طلباء و طالبات میں شخصیت سازی، خود اعتمادی اور قائدانہ صلاحیتوں کو ابھارنا ہے تا کہ وہ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبا ء وطالبات کونصابی ہم نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے کیونکہ اس سے ان کی صلاحیتوں میں نکھار آتا ہے۔ سی ای او ایجوکیشن سجاد اسلم، سول سوسائٹی اور میڈیا نمائند گان نے ضلع کے مختلف اسکولوں میں پولنگ کے عمل کا جائزہ لیا جو صبح 9 بجے سے 2 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ پرنسپل رانا نوید عظمت نے بتایا کہ دوسرے سکولوں کی طرح گورنمنٹ شہدائے اے پی ایس ہائی سکول کے چھٹی سے دسویں تک کے 3ہزار طلباء کیلئے 3 پولنگ اسٹیشن، 6 بوتھ جبکہ 18 اساتذہ پر مشتمل انتخابی عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ گورنمنٹ کمپری ہنسو سکول کے پرنسپل رانا ریاض احمد خان نے بتایا کہ سکول میں 5 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جہاں 50 سے زائد ٹیچرز انتخابی عملے کے طور پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سی ای او ایجوکیشن سجاد اسلم نے سٹوڈنٹ کونسلز کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ الیکشن میں صدر، نائب صدر، جنرل سیکرٹری، میڈیا ایڈوائزر اور سینئر ہیڈ بوائے سمیت طالبعلموں کیلئے8 عہدوں پر انتخاب کیا جا رہا ہے جن میں منتخب ہونیوالے طلباء و طالبات نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں اساتذہ کا ہاتھ بٹائیں گے۔ انہوں نے سٹوڈنٹ کونسل کے نئے عہدیداروں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے اسکولوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں