225

ساہیوال: ویمن ڈے کیئر سنٹرز کا قیام ملازمت پیشہ خواتین کے لئے نہایت بہتر اقدام ہے، ڈاکٹر زاہد کمال صدیقی.

ساہیوا ل (ملک دلاور سلطان سے) پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج ڈاکٹر زاہد کمال صدیقی نے کہا ہے کہ ویمن ڈے کیئر سنٹرز کا قیام ملازمت پیشہ خواتین کے لئے نہایت بہتر اقدام ہے، جہاں ملازمت پیشہ خواتین کے بچوں کے لئے گھر جیسی بہتر نگہداشت کا ماحول مہیا کیا جا رہا ہے تاکہ وہ قومی ترقی میں مردوں سے بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کر سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنمنٹ حاجی عبدالقیوم ہسپتال میں ضلع بھر میں پہلے ڈے کیئر سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر کمشنر انکم ٹیکس ساہیوال زون آصف رسول، وزیر اعلیٰ شکایت سیل کے ضلعی انچارج شیخ محمد چوہان، چیئرمین پی ایچ اے چوہدری علی شکور، ایم ایس ڈاکٹر فرقان حسن، معروف سائیکاٹرسٹ ڈاکٹر عبدالرشید، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد، ڈاکٹر ساجدہ نثار، ڈاکٹر زاہد ستار، ڈاکٹر اختر محبوب، ڈاکٹر زبیر احمداور ڈاکٹر حریم فاروقی، ڈے کیئر سنٹر کی فوکل پرسن ڈاکٹر قرات مجاہد کے علاوہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف، نرسز اور شہر کی سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی شمولیت سے ملکی معاشی ترقی کی رفتار میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے اورخواتین کو معاشی طورپر بااختیار بنانے کے لئے معاشرتی مائنڈ سیٹ میں تبدیلی ناگزیر ہے۔ گورنمنٹ حاجی عبالقیوم ہسپتال میں ڈے کیئر سنٹر کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کا دائرہ کار آنیوالے دنوں میں مزید وسیع کیا جائے گا اور عنقریب ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میں بھی اس کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ ملازمت پیشہ خواتین بچوں کی فکر سے آزاد ہو کر اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ ڈے کیئر سنٹر کی فوکل پرسن ڈاکٹر قرات مجاہد نے بتایا کہ اس سنٹر میں 3 مہینے کی عمر سے لیکر 4 سال تک کی عمر کے بچے رکھے جا سکتے ہیں جن کی نگہداشت کیلئے آیا کے ساتھ ساتھ ایک مانٹیسوری ٹیچر کو بھی اپائنٹ کیا گیا ہے تا کہ چھوٹی عمر سے ہی بچوں میں تعلیم و تربیت کا آغاز کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں