209

ساہیوال: نشہ انسان کو انسانیت کی رفعتوں سے تنزلی کے گڑھوں میں دھکیل دیتا ہے۔ محمد زمان وٹو، ڈپٹی کمشنر.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) نشہ انسان کو انسانیت کی رفعتوں سے تنزلی کے گڑھوں میں دھکیل دیتا ہے۔ معاشرے کو نشہ سے انکاراور زندگی سے پیار کا سبق ذہن نشین کرانے کیلئے آگاہی پروگرامز کاانعقاد ناگزیر ہے۔ ضلعی حکومت اداروں کے درمیان مستقل روابط کے ذریعے ساہیوال کو منشیات سے پاک کرنے کا عزم لیے متحرک ہے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو نے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ساہیوال کیمپس میں جاری منشیات کی روک تھام سے متعلق آگاہی سیمینار اور واک سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس ایونٹ کا انعقاد عوام کی آواز، ٹینڈر ہیلنگ سنٹر، پاکستان زندہ آباد موومنٹ اور ریڈیو آواز ایف ایم 105 کے تعاون سے کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سی یو آئی، ساہیوال کیمپس پروفیسر ڈاکٹر سلیم فاروق شوکت، ڈی ایس پی ٹریفک پیر ریاض احمد، ڈسٹرکٹ لائیو سٹاک آفیسر ڈاکٹر ثمرین کوثر، سول ڈیفنس آفیسر فریحہ جعفر، ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن آفیسر خالد ظہور، ڈی ایس پی موٹر ویز مسعود خان وٹو، ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی، سینئر صحافی پیرسید طمطراق محاسن شاہی سیاسی و سماجی شخصیات، صحافی برادری، فکیلٹی، سٹاف اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ڈائریکٹر سی یو آئی، ساہیوال کیمپس پروفیسر ڈاکٹر سلیم فاروق شوکت نے کہاکہ منشیات کے خاتمے کے لیے ہمیں اپنے رہن سہن اور معاشرت کا از سرے نو جائزہ لینا ہو گا۔ نوجوان ہمارے ملک کا اثاثہ اور مستقبل ہیں انہیں منشیات جیسی بیماری سے بچانے کے لیے ہم سب کو اپنی ذمہ داری سرانجام دینا ہوگی۔

ڈپٹی رجسٹرار صفدر علی نے بتایا کہ سیمینار کا مقصد منشیات کے استعمال جیسی برائی کے خلاف سول سوسائٹی، سماجی و سیاسی شخصیات اور میڈیا کے تعاون سے جہاد کے عزم کی تجدید کرنا ہے تاکہ نشہ کیخلاف نفرت کو اجاگر کرکے اس کے استعمال پرقابو پایا جاسکے۔ واک کے شرکا نے منشیات کے انسانی صحت پر مضر اثرات کے نعروں پر مبنی بینرز و پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نشہ سے انکار، زندگی سے پیار، نشہ کے نقصانات اور دیگر تحریریں لکھی ہوئی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں