183

ساہیوال: ڈینگی بخار سے بچاو کا واحدحل ان کی بریڈنگ کا فوری خاتمہ ہے، عنبرین رضا، سیکرٹری سوشل ویلفیئر پنجاب.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) صوبائی سیکرٹری سوشل ویلفیئر عنبرین رضا نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ڈینگی بخار کو کنٹرول کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے اور تمام سرکاری ادارے اس مہم میں محکمہ صحت کے شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں، ڈینگی بخار سے بچاو کا واحدحل ان کی بریڈنگ کا فوری خاتمہ ہے جس کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو بھر پور حصہ لینا چاہیے-

انہوں نے یہ بات ڈی سی آفس میں ضلع ساہیوال میں ڈینگی مچھروں کے تدارک کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی- اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد زما ن وٹو، اے ڈی سی جنرل فاروق اکمل اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اظہر نقوی کے علاوہ تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی- انہو ں نے محکمہ صحت کی ٹیموں پر زور دیا کہ وہ گھروں میں معائنے کے دوران ایسی تمام جگہوں کی مکمل چیکنگ کریں جہاں پر مچھروں کی افزائش کے زیادہ امکانات ہوں خاص طور پر پانی کی ٹینکیوں، گملوں اور پرندوں کیلئے رکھے ہوئے برتنوں کو بھی چیک کیا جائے- صوبائی سیکرٹری سوشل ویلفیئر عنبرین رضا نے سکولوں اور کالجز انتظامیہ کو ہدایت کی کہ طلبا و طالبات کو صفائی کی اہمیت اور ڈینگی مچھروں کے تدارک کے حوالے سے خصوصی تربیت دی جائے تا کہ وہ اپنے گھروں کو صاف رکھنے میں معاون ثابت ہوسکیں- انہوں نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنے اپنے دفاتر کی چیکنگ کو بھی یقینی بنائیں-

اجلاس میں سی ای او ڈاکٹر اظہر نقوی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع ساہیوال میں اب تک ڈینگی بخار کے صرف 12 مریض داخل ہوئے ہیں جو تمام کے تمام دوسرے شہروں سے آئے ہیں اور ان میں سے 10مریضوں کو علاج کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے- انہوں نے مزید بتایا کہ 265 ان ڈور ٹیمیں بھی گھر گھر جا کر چیکنگ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں اور ساتھ ساتھ مکینوں کو آگہی بھی فراہم کر رہی ہیں- سیکرٹری سوشل ویلفیئر عنبرین رضا نے زور دیا کہ گھروں کی چیکنگ کے دوران پانی والی ٹینکیوں پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ چھت پر ہونے کی وجہ سے انہیں نظر انداز کر نے کے امکانات زیادہ ھوتے ہیں- انہوں نے صوبائی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات اور ہدایات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی اور تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے محکمے کے لئے مختص بنچ مارک پر پوری طرح عمل کو یقینی بنائیں تاکہ ڈینگی مچھروں کی افزائش کو روکا جا سکے- انہو ں نے بتایا کہ اکتوبر کا مہینہ اس خطر ناک بیماری کے لئے انتہائی اہم ہے اس لئے پوری توجہ مچھروں کی افزائش کو روکنے پر مرکوز کی جائے –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں