204

ساہیوال: میڈیکل کالج سمیت ساہیوال کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں بہتری لانے کیلئے ازسرنوانتظامات کئے جارہے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر زاہد کمال صدیقی.

ساہیوال (ملک دلاور سلطان) پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹرزاہد کمال صدیقی نے کہاہے کہ مثبت رپورٹنگ سے درپیش مسائل کاحل ممکن ہے۔ میڈیکل کالج سمیت ساہیوال کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں بہتری لانے کیلئے ازسرنوانتظامات کئے جارہے ہیں۔ ڈی ایچ کیوٹیچنگ ہسپتال ساہیوال میں نئی ڈیجیٹل ایکسرے مشین نصب کی جاچکی ہے جمعہ تک سی ٹی سکین مشین کودوبارہ سے فنکشنل کردیاجائے گا۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے دفترصحافیوں کے وفدسے تعارفی ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

وفد کی قیادت ڈویژنل پریس کلب کے صدرپیرسید طمطراق محاسن شاہی اورپرنٹ میڈیاایسوسی ایشن کے صدرراناوحیداحمد کررہے تھے۔ اس موقع پر سی ای اوہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹراظہرنقوی، ایم ایس ڈی ایچ کیوڈاکٹربشارت رشید، ڈاکٹروحید، ڈاکٹرشکیل احمد، ڈاکٹررئیس، ڈاکٹراسرارظفر، ترجمان میڈیکل کالج ڈاکٹرنثار، ڈاکٹراخترمحبوب خان سمیت دیگربھی موجودتھے۔ انہوں نے کہاکہ یہاں کے صحافی مثبت رپورٹنگ کے ذریعے ہسپتال سمیت دیگرشعبہ ہائے زندگی کے مسائل کی نشاندہی کررہے ہیں جوکہ خوش آئندبات ہے۔ میڈیکل کالج،ہسپتالوں کی بہتری کیلئے صحافیوں کی جانب سے ملنے والی تجاویز بہت اہم ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سول ہسپتال میں سی ٹی سکین مشین خراب تھی جس کے پارٹس فرانس سے منگوائے جاچکے ہیں جوجمعہ تک اپنا کام شروع کردے گی۔ ہسپتال میں ڈیجیٹل ایکسرے مشین بھی لگائی جاچکی ہے جس سے ڈویژن کے تینوں اضلاع کے عوام مستفید ہورہے ہیں۔ہسپتالوں میں بیڈز کی تعدادمیں بھی اضافہ کیاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ ساہیوال میڈیکل کالج سٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ ہے جس میں میڈیکل کے طلبہ وطالبات کو عصرحاضرکی جدید تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ اس موقع پر صحافیوں نے ہسپتالوں کی بہتری بارے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں جس پر پرنسپل نے صحافیوں کی نشاندہی کی تعریف کرتے ہوئے شکایات کے ازالہ کی یقین دہانی کروائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں