187

ساہیوال: شہر کے معروف چوک یاد گار کا نام جنگ آزادی کے مقامی ہیرو رائے احمد خان کھرل سے منسوب کر کے آزادی چوک رکھ دیا گیا-

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) ضلعی انتظامیہ نے شہر کے معروف چوک یاد گار کا نام جنگ آزادی کے مقامی ہیرو رائے احمد خان کھرل سے منسوب کر کے آزادی چوک رکھ دیا ہے- چوک کا نام رکھنے کی خصوصی تقریب ساہیوال آرٹس کونسل کے تعاون سے جناح ہال میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو تھے-

تقریب میں ضلع ساہیوال اور فیصل آباد سے تحریک آزادی میں حصہ لینے والے قبائل کے سر کردہ عمائدین اور مقامی رہنماوں نے بڑی تعداد میں شر کت کی- معروف سکالر پروفیسر عمران جعفر نے تحریک آزادی میں مقامی قبائل کی قربانیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور بتایا کہ اس خطے نے ہمیشہ بیرونی قابضین کے خلاف مزاحمت کی اور آزادی کی ہر جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا- ساہیوال آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے جنگ آزادی کے ہیروز کو یاد کرنے کی اہمیت اجاگر کی اور بتایا کہ ساندل، نیلی اور گنجی بار کے وسنیکوں نے ہمیشہ اپنی آزادی کو قائم رکھنے میں جانی و مالی قربانیاں دیں- انہوں نے اپنے اسلاف کی یاد کو تازہ رکھنے کی کوششوں کو جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ساہیوال آرٹس کونسل اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی- تقریب میں مقامی جھومر اور لڈی ڈانس بھی پیش کئے گئے- اس سے پہلے ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے آزادی چوک پر جنگ آزادی کے مقامی ہیروز کے ناموں کی تختیوں کی نقاب کشائی کی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں