182

لاہور: پنجاب حکومت کی جانب سے انسداد ڈینگی کے لئے آگاہی مہم میں مشہور اہم شخصیات کی شرکت.

لاہور (صابر بخاری سے) پنجاب حکومت کی جانب سے جاری انسداد ڈینگی کے لئے آگاہی مہم میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات کی بھرپور شرکت.

اپنے ویڈیو پیغامات کے ذریعے لوگوں میں آگاہی و شعور پھیلانے کی مہم میں یشمہ گل، عمران بخاری، غلام محی الدین، ہمایوں گل، زوہیب، معروف کرکٹرز عمر اکمل، عمران نذیر اور سعید اجمل نے اپنے ویڈیو پیغامات جاری کئے. جس میں عوام کو حکومت کی جانب سےجاری مہم میں بھرپور شرکت اور اپنے آپ کو ڈینگی کے وار سے بچانے کے لئے حفاظتی تدابیر اپنانے کی اپیل کی.

کرکٹر عمر اکمل نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ڈینگی وائرس سے اپنے اور اپنے بچوں کو محفوظ رکھنے میں حکومت پنجاب کا ساتھ دیں ۔ گھروں اور ارد گرد پانی جمع نہ ہونے دیں اور علامات پر فوری ہسپتال سے رجوع کریں۔ اسی طرح کرکٹر عمران نذیر کا کہنا تھا کہ ڈینگی کے پھیلنے کے باعث حکومت نے ہسپتالوں میں مفت ڈینگی ٹیسٹ کا آغاز کیا ہے۔ ابتدائی علامات پر ہی ہسپتال سے رجوع کریں اور ڈینگی وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے میں پنجاب حکومت کا ساتھ دیں۔

اداکار غلام محی الدین کا کہنا تھا کہ اگر آپ یا آپ کا کوئی بھی پیارا ڈینگی سے متاثر ہے تو فوری قریبی ہسپتال سے رجوع کریں۔ حکومت پنجاب نے ڈینگی کے پیش نظر تمام اضلاع کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے۔ ڈینگی سے ماحول کو پاک رکھنے کیلیے حفاظتی تدابیر پر ضرور عمل کریں- اسی طرح‌ اداکار عمران بخاری نے کہا کہ ڈینگی سے خود بھی محفوظ رہیں اور اپنے بچوں کو بھی محفوظ رکھیں۔ گھروں میں پانی کو جمع نہ ہونے دیں اور موسپل کا استعمال یقینی بنائیں۔ اس کے علاوہ اداکار ہمایوں‌ گل کا کہنا تھا کہ ڈینگی تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس سے ہمیں حکومت کے ساتھ مل کر لڑنا ہو گا۔ چھتوں پر پانی جمع مت ہونے دیں اور ہر ممکن احتیاط کریں کیونکہ پرہیز علاج سے بہتر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں