182

ساہیوال: پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت ساہیوال ڈویژن میں 2لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت ساہیوال ڈویژن میں 2لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے جس میں 50ہزار پودے ضلع ساہیوال،60 ہزار ضلع پاکپتن اور 90 ہزار ضلع اوکاڑہ میں لگائے گئے-

پروگرام کی افتتاحی تقریب کمشنر آفس میں منعقد ہوئی جس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن ندیم الرحمن، ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو، ایڈیشنل کمشنر ایس ڈی خالد، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انیس الرحمن، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ قاری خالد نذیر، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن شفقت اللہ مشتاق، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈویژنل فارسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان نے پودے لگائے- اس موقع پر کمشنر ندیم الرحمن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان گرین پاکستان مہم کے ذریعے پاکستان کو سر سبز، خوشحال اور آلودگی سے پاک ایسا ملک بنانا چاہتے ہیں جہاں عوام صحت مند ماحول میں زندگی گزار سکیں- انہوں نے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ وہ پودوں کو لگانے کا ہدف حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت کا بھی بندوبست کریں-

ڈویژنل فارسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد نے بتایا کہ محکمہ جنگلات نے اس خصوصی مہم کے تحت صوبائی محکموں لوکل گورنمنٹ، صحت اور تعلیم کو ارزاں نرخوں پر پودے فراہم کئے ہیں- انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ جنگلات کی نرسریوں میں پودے وافر مقدار میں دستیاب ہیں جہاں سے غیر سرکاری ادارے بھی ارزاں نرخوں پر حاصل کر سکتے ہیں-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں