202

ساہیوال: ملک کی بقا اور اقتصادی ترقی جنگلات میں اضافہ کئے بغیر ممکن نہیں، مخدوم رضا حسین بخاری .

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) ملک کی بقا اور اقتصادی ترقی جنگلات میں اضافہ کئے بغیر ممکن نہیں اور ہر شخص کا فرض ہے کہ وہ اپنے حصے کے دو پودے لگا کر ملک سے محبت کا عملی ثبوت دے۔ درختوں کی چوری ایک قومی جرم ہے جس کو روکنے کے لئے محکمہ جنگلات کے گارڈز کی استعداد کار بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ریپڈ ایکشن فورس بھی تشکیل دی جا رہی ہے جو درخت چوری کی نشاندہی پر فوری کارروائی کرے گی – یہ بات محکمہ جنگلات اینڈ وائلڈ لائف کے پارلیمانی سیکرٹری مخدوم رضا حسین بخاری نے ڈی ایف او آفس میں محکمہ جنگلات کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہی-

ڈی ایف او ملک وسیم سجاد نے تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ گرین پنجاب مہم کے تحت موسم برسات کی شجر کاری کے دوران اب تک 2لاکھ37ہزار پودے لگائے جا چکے ہیں جبکہ موسم بہار کی شجر کاری مہم کے دوران 4لاکھ53ہزار پودے لگائے گئے اس کے علاوہ پچھلے سال ڈل وریام اور رکھ جملیرا کے جنگلات میں 150ایکڑ پر شجر کاری کی گئی ہے -انہوں نے مزید بتایا کہ موجود ہ سال کے دوران بھی ڈل وریام میں 100ایکڑ پر درخت لگائے جا رہے ہیں -صوبائی پارلیمانی سیکرٹری مخدوم رضا حسین بخاری نے ساہیوال آفس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت درختوں کی چوری روکنے اور پنجاب بھر کو سر سبز و شاداب بنانے کے لئے محکمہ جنگلات کی استعداد کار میں اضافہ کر رہی ہے اور فیلڈ سٹاف کو ملکیتی بنیادوں پر موٹر سائیکل فراہم کئے جائیں گے تا کہ پٹرولنگ بہتر ہو اور درختوں کی چوری روکی جا سکے -انہوں نے ہدایت کی کہ شجر کاری مہم میں عام آدمی کو بھی شریک کیا جائے تاکہ عوام میں درختوں کی اہمیت اجاگر ہو اور وہ اس قومی مہم میں حکومت کا بھر پور ساتھ دیں-

ڈی ایف او ملک وسیم سجاد نے بریفنگ میں بتایا کہ ڈل وریام اور رکھ جملیرا کے جنگل کا رقبہ 2064ایکڑہے جبکہ 1939میل کینال سائڈ،672میل روڈ سائڈ اور 66میل ریل سائڈ پر بھی درخت لگائے گئے ہیں -انہوں نے بتایا کہ وسائل کی شدید کمی کے باوجود درختو ں کی حفاظت اور نگہداشت پر پوری توجہ دی جاتی ہے اور اگر محکمہ کو مطلوبہ وسائل دستیاب ہوں تو مزید رقبہ پر بھی جنگلات لگا کر وزیر اعظم عمران خان کا گرین پاکستان کا خوا ب پورا کیا جا سکتا ہے -صوبائی سیکرٹری جنگلات اینڈ وائلڈ لائف مخدوم رضا حسین بخاری نے یقین دلایا کہ محکمہ جنگلات کو مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کے لئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی -اس سے پہلے انہوں نے دفتر کے لان میں یادگاری پودا بھی لگایا اور شجر کاری مہم کی کامیابی کی دعا کی –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں