207

ساہیوال: ساہیوال آرٹس کونسل کے زیراہتمام ہونے والے سہ روزہ ‘ عید اینڈ آزادی فیسٹیول’ کا رنگا رنگ اختتام

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) ساہیوال آرٹس کونسل کے زیراہتمام ہونے والے سہ روزہ ‘ عید اینڈ آزادی فیسٹیول’ کا رنگا رنگ اختتام، عوام کی بڑی تعداد کی بھر پور شرکت، تقریبات کا افتتاح سابق وفاقی وزیر چوہدری نوریز شکور خاں اور حاجی شیخ محمد چوہان سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف نے کیاتھا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ علی شکور خاں چئیرمین پی ایچ اے اور پی ٹی آئی کے سرگرم رہنما محسن چوہان بھی تھے۔ چوہدری نوریز شکور خاں نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کا یہ جشن ہمارے دلوں اور ذہنوں میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا پیغام لے کر آیا ہے کیوں کہ آزادی اور عید کی خوشیاں ہمارے اندر کشمیری بھائیوں کے تکلیف دہ حالات کو بھی نمایاں کرتی ہیں۔ پاکستانی عوام کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت میں صبح و شام کوشاں ہے، یہی وجہ ہے کہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے میں حکومت کی کوششیں رنگ لا رہی ہیں۔ حاجی شیخ محمد چوہان نے کشمیریوں کی آزادی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اس کی عوام بھارتی ظلم کی بھرپور مذمت کرتے ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی طاقتیں انسانیت کے چہرے پر لگے اس بدنما داغ کو مٹانے کے لیے مسئلہ کشمیر کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں۔ یاد رہے کہ اس فیسٹیول کے دوسرے روز پی ٹی آئی ساہیوال کے اہم رہنماوں میاں بابر صغیر اور عمران غزالی نے بطور مہمان اعزاز شرکت کرتے ہوئے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں حالیہ بھارتی اقدامات پر پاکستان کی طرح ہر ملک کو آواز بلند کرنی چاہیے تاکہ کشمیر آزاد اور آباد ہو سکے۔ تقریبات ماہ آزادی کے حوالے سے چودہ روز مسلسل پروگرامز منعقد کرنے والی ساہیوال آرٹس کونسل نے اس میلے کو بچوں اور فیملیز کے لیے تفریحی سامان، محمکہ لائیو سٹاک ساہیوال کے تعاون سے برڈ شو اور میوزیکل پروگرامز سے سجایا تھا۔ میلے کے آخری روز یوم آزادی 14 اگست کو ملتان کی نامور گلوکارہ نادیہ ہاشمی کو سننے کے لیے فیملیز کی کثیر تعداد نے آرٹس کونسل کا رخ کر لیا۔ قومی اور پاکستانی گیتوں کو سن کر آزادی کا جشن منانے والی عوام نے اپنی خوشی میں کشمیریوں کے غم کو بھی یاد رکھا اور کشمیریوں کے حق آزادی اور بھارت کی ظالمانہ کاروائیوں پر بھرپور اور پرجوش نعرے لگا کر کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ لوگوں نے آرٹس کونسل کی ان کامیاب اور سانجھ بھری تقریبات پر انتظامیہ آرٹس کونسل کو خوب داد دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں