207

ساہیوال: کشمیریوں کی حق خود ارادیت نوشتہ دیوار ہے اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں آزادی حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی- چوہدری سرور، گورنر پنجاب.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت نوشتہ دیوار ہے اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں آزادی حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی- بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش اور بھارتی فوج کے نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم دنیا کی جمہوریت پسند قوتوں کے لئے ایک چیلنج ہے- پاکستان کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت سمیت تمام دستیاب وسائل استعمال کرے گا- انہوں نے یہ بات بار ایسوسی ایشن چیچہ وطنی میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی-

اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما رائے حسن نواز خاں، ممبر قومی اسمبلی رائے مرتضی اقبال اور بار اراکین کے علاوہ وکلاء اور تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی- انہوں نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں عورتوں، بچوں، بزرگوں سمیت نوجوانوں پر بھارتی افواج کی طرف سے ظلم وبر بریت کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اور مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کا عالمی دنیا سے رابطہ ختم کر دیا گیا ہے جس کی پاکستانی حکومت بھر پور مذمت کرتی ہے۔ پاکستان سفارتی ذرائع سے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے مستقل ممبران تک مقبوضہ کشمیر کے شہریوں پر ہونے والے مظالم اور ان کے جداگانہ ریاستی تشخص کو ختم کرنے کے خلاف اپنی آواز ضرور پہنچائے گا- انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ میں چھٹیوں کے باوجود 50سے زائد ممبر آف پارلیمنٹ نے سیکر ٹری جنرل سلامتی کونسل کو خط لکھا ہے جن میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی منظور شدہ قرارداوں کے مطابق حل کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی قوتوں سے فوری اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ چین کے دوران چین نے پاکستانی موقف کو درست تسلیم کرتے ہوئے سلامتی کونسل میں پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا ہے۔ مقبوضہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ایک تسلیم شدہ عالمی مسئلہ ہے اس لیے عالمی قوتیں بھارتی حکومت کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کا حکم دیں۔ بعد ازاں گورنر رائے علی نواز ہسپتال بھی گئے اور ہسپتال کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، جس کے بعد انہوں نے رائے ہاؤس میں انجمن تاجران اور تحریک انصاف کے مختلف وفود سے بھی ملاقات کی-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں