183

دی ہیگ: عالمی عدالت انصاف کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ کچھ دیر میں سنائے گی

دی ہیگ (ویب ڈیسک) عالمی عدالت پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کے کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ کچھ دیر میں سنائے گی۔ ہالینڈ کے دارالحکومت دی ہیگ میں عالمی عدالت کا 15 رکنی فل بینچ فیصلہ سنانے کے لیے موجود ہے، بینچ میں ایک ایڈ ہاک پاکستان جج اورایک مستقل بھارتی جج بھی شامل ہے، عالمی عدالت انصاف کے صدر اور جج عبدالقوی احمد یوسف بھارتی اپیل کا فیصلہ پڑھ کر سنائیں گے، اٹارنی جنرل کی قیادت میں پاکستانی ٹیم فیصلہ سننے کے لیے دی ہیگ میں موجود ہے۔

عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کی آخری سماعت 18 فروری سے 21 فروری تک جاری رہی تھی، بھارتی وفد کی سربراہی جوائنٹ سیکرٹری دیپک متل نے جب کہ پاکستانی وفد کی سربراہی اٹارنی جنرل انور منصورخان نے کی تھی۔ سماعت کے دوران بھارت کی طرف سے ہریش سالوے نے دلائل پیش کیے جبکہ پاکستان کی طرف سے خاور قریشی نے بھرپور کیس لڑا تھا۔ 18 فروری کو بھارت نے کلبھوشن کیس پر دلائل کا آغاز کیا اور 19 فروری کو پاکستان نے اپنے دلائل پیش کیے۔ 20 فروری کو بھارتی وکلا نے پاکستانی دلائل پر بحث کی اور 21 فروری کو پاکستانی وکلا نے بھارتی وکلا کے دلائل پر جواب دیئے جب کہ سماعت مکمل ہونے کے بعد عالمی عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں