208

لاہور: کروڑ پتی ارکان اسمبلی غریب عوام کے دکھ نہیں سمجھ سکتے، صابر بخاری صدرسنجوک

لاہور (اسد الیاس سے) سماجی تنظیم سنجوک نے جاری کردہ پریس ریلیز میں الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ اراکین اسمبلی کے اثاثہ جات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کروڑپتی اور اربوں پتی ارکان اسمبلی غریب عوام کے دکھوں سے ناآشنا ہیں، ایسے اراکین اسمبلی کس طرح غریب عوام کے مسائل اور دکھوں کا مداوا کر سکتے ہیں؟ سنجوک کے صدر صابر بخاری اور نائب صدر ساجد بھٹو نے مشترکہ بیان میں کہا کہ اراکین اسمبلی پرتعیش اور امارت سے بھرپور زندگی بسر کرتے ہیں، ان کو یہ احساس ہی نہیں کہ مڈل کلاس اور غریب طبقہ کس حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک الیکٹورل ریفارمز کے ذریعے اکثریتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے پڑھے لکھے مڈل کلاس طبقہ کو سامنے نہیں لایا جائے گا تب تک ملکی حالات جوں کے توں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیا سیاست صرف کروڑ، ارب پتی ہی کرسکتا ہے؟ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ پیسہ والوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے الیکٹورل ریفارمز کے ذریعے محنتی، وژنری اور ایماندار طبقہ کو سیاسی نظام کا حصہ بنایا جائے تاکہ ملکی مسائل کا خاتمہ ہوسکے۔ سنجوک نے حکومت، الیکشن کمیشن اور دوسرے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ موجودہ سیاسی نظام میں تبدیلی کیلئے اقدامات کیے جائیں تاکہ سٹیٹس کو اور الیکٹیبلز کی سیاست کا خاتمہ ہوسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں