224

ساہیوال: بچوں میں آرٹ کو فروغ دے کر ان کی شخصیت کی متوازن تعمیر میں بڑی مدد مل سکتی ہے، ہمایوں بشیر تارڑ، آر پی او

ساہیوال (سید طمطراق شاہ سے) ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال ہمایوں بشیر تارڑ نے کہا ہے کہ آرٹ اور کلچر معاشرے میں رواداری، برداشت اور مثبت سوچ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جن کی ترویج میں معاشرے کے تمام طبقات کو حصہ لینا چاہیے۔ بچوں میں آرٹ کو فروغ دے کر ان کی شخصیت کی متوازن تعمیر میں بڑی مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بات ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام بچوں کو پینٹنگ سکھانے کی ورکشاپ کے شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹواور ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی بھی موجود تھے۔انہوں نے بچوں کے آرٹ ورک میں گہری دلچسپی لی اور بنائی گئی پینٹنگز کے معیار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ بچوں میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے ایسی ورکشاپس کا انعقاد انتہائی اہم ہے تا کہ نوجوان نسل کو فنون لطیفہ سے بھی آگاہ رکھا جا سکے۔انہوں نے ساہیوال آرٹس کونسل کی سرگرمیوں کو بھی سراہا اور توقع ظاہر کی کہ ساہیوال ریجن کے مقامی کلچر کو فروغ دے کر باہمی محبت اور بھائی چارے کا اہم مقصد حاصل کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں