191

پشاور: قبائلی اضلاع میں انتخابات کے انعقاد سے نئی تاریخ رقم ہوئی، انضمام کا عمل مکمل ہوگیا، محمود خان وزیر اعلی کے پی کے

پشاور۔ (محمد طارق شاد بیوروچیف کے پی کے سے) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں میں الیکشن کراکے تاریخ رقم کی گئی ہے، قبائلی علاقوں کا الحاق مکمل ہوگیا ہے، قبائلی عوام نے ثابت کردیا وہ انضمام کے حق میں تھے، قبائل کے انضمام کے مخالفین کو جواب مل گیا۔ وزیر اعلی ہاوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں الیکشن کراکے تاریخ رقم کی گئی جو ٹاسک صوبائی حکومت کو انضمام کے حوالے سے دیا گیا وہ مکمل کر لیا گیاہے، صوبائی اسمبلی میں قبائلی عوام کو نمائندگی مل گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نئے ایم پی ایز کو مبارکباد دیتے ہیں اور قبائلی عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ جمہوریت پسند لوگ ہیں، قبائل کے انضمام کے مخالفین کو جواب مل گیا ہے، خواتین بھی گھروں سے نکل کر ووٹ ڈالنے آئیں صاف و شفاف الیکشن کے انعقاد پر سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی عوام کے ساتھ جو وعدے کئے تھے وہ مکمل کریں گے اب بھی سب سے زیادہ سیٹیں تحریک انصاف نے جیتی ہیں اس ساری صورتحال کا جائزہ لے رہے ہے جن کارکنوں نے پارٹی کو سپورٹ نہیں کیا پارٹی کی اعلیٰ قیادت اس بارے میں فیصلہ کرے گی۔

انہوں نے آزاد امیدواروں کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع میں دوسرے مرحلے میں بلدیاتی نظام کے انتخابات بھی کرائیں گے، قانونی طور پر قبائلی اضلاع سے دو صوبائی وزیر لیے جائیں گے۔ پی کے 107میں جو آزاد امیدوار جیتا وہ پاکستان تحریک انصاف کا ہے، ہم نے آزاد امیدواروں کو پارٹی میں آنے کی دعوت دی ہے، اور ہم چاہتے ہیں کہ پارٹی ٹکٹ میرٹ پر ملنے چاہئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں