205

کراچی: سندھ بھر میں مون سون کی بارش، کراچی مفلوج، کرنٹ لگنے سے 8 افراد جاں بحق

کراچی (محمد یوسف سے) کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں مون سون کی بارش ہوئی ہے جس سے جل تھل ایک ہوگیا جب کہ چند گھنٹوں کی بارش سے کراچی میں نظام زندگی مفلوج ہوگیا، کرنٹ لگنے سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے، بجلی فیل ہونے سے شہر کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا۔ کراچی میں تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور لوگوں نے ابرِ رحمت برسنے پر خدا کا شکرادا کیا تاہم یہ بارش انتظامیہ کی وجہ سے رحمت کے بجائے زحمت بن گئی، بارش کا چھینٹا پڑتے ہی شہر کے بڑے حصے میں صبح ہی بجلی بند ہوگئی جو اب تک بحال نہ ہوئی۔ پانی کے سبب نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ برسات کے باعث طلبہ کو درپیش مشکلات کے پیش نظر متعدد نجی اسکولوں نے چھٹی دے دی جبکہ دفاتر میں بھی حاضری معمول سے کم رہی اور متعدد کاروباری مراکز بھی بند رہے۔ شہر قائد میں سب سے زیادہ بارش گلشنِ حدید میں ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے دوران ناخوش گوار واقعات بھی پیش آئے۔ لیاقت آباد سپر مارکیٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی جس سے 12 سے زائد دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ دکانداروں نے کہا کہ کے الیکڑک کو وقت پر اطلاع دی مگر عملہ تاخیر سے پہنچا۔ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں سے کرنٹ لگنے سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ کلفٹن بوٹ بیسن کے قریب کرنٹ لگنے سے 30 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ناظم آباد خاموش کالونی، گلستان جوہر بلاک 19 میں ایک ایک جب کہ پاپوش نگر اور ڈیفنس فیز فائیو میں دو دو افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔

محکمہ تعلیم سندھ نے کل منگل کو صوبے بھر میں بارشوں کے پیش نظر تمام سرکاری و نجی اسکولز میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔ سیکریٹری تعلیم قاضی شاہد پرویز نے تمام ضلعی و تعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ افسران اپنے اپنے علاقوں میں جائیں اور اسکولوں سے فوری پانی نکلوائیں، کسی بھی اسکول کی چھت پر پانی جمع نہیں ہونا چاہیے اور کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سندھ کے دیگر شہروں حیدرآباد، سانگھڑ، نوابشاہ، ٹنڈوالہیار، ٹنڈومحمدخان، میرپورخاص ، تھرپارکر میں بھی گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق حیدرآباد شہر میں 188 ملی میٹر بارش رکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں کے لئے اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران مون سون بارشوں کا سسٹم سندھ پر اثر انداز ہوگا اور موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں