250

ساہیوال: حافظ محمدشفیق تعلیمی بورڈ ساہیوال کے چیئرمین تعینات، چارج سنبھال لیا۔

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) حافظ محمدشفیق تعلیمی بورڈ ساہیوال کے چیئرمین تعینات، چارج سنبھال لیا۔ حافظ محمد شفیق نے بطور چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال کاباضابطہ چارج سنبھال لیا ہے۔ ان کی دفتر آمد پر بورڈ افسران اور ملازمین نے پرجوش استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ چیئرمین بورڈ حافظ محمد شفیق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ طلبا ء کی فلاح و بہبود کا ہر کام اور مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر کرینگے جب کہ مارکنگ کا نظام بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ایف – ایس – سی کے پرچہ جات کی مارکنگ متعلقہ پروفیسرز صاحبان سے کروائی جائے گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے بورڈ ملازمین کے مسائل حل کرنے کا عزم بھی کیا اور بورڈ کی بلڈنگ کی تعمیر کے سلسلہ میں متعلقہ افسران کو مزیدکام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر حافظ فدا حسین، ریسرچ اینڈ کوآرڈینیشن آفیسر محمد منیر خان بھی موجود تھے۔

حافظ محمد شفیق اس سے قبل گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول پاکپتن میں بطور پرنسپل خدمات انجام دے چکے ہیں. اس پوسٹنگ کے دوران طلباء کی تعلیمی ترقی کے علاوہ ان کی جسمانی ترقی اور ہم نصابی سرگرمیوں اور کریکٹر بلڈنگ کے لیے ان کی خدمات قابل ستائش ہیں. ان کی انہی خدمات کے اعتراف میں پاکستان سوشل ایسوسی ایشن نے ان کو تنظیم کا سب سے بڑا اعزاز قائد اعظم گولڈ میڈل بھی دیا. ان کے بطور چیئر مین ساہیوال بورڈ تعیناتی پر پاکستان سوشل ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل حکیم لطف اللہ، انجمن فلاح مریضاں پاکپتن کے صدر ڈاکٹر شاہد مرتضیٰ چشتی اور پریس کلب پاکپتن کے صدر وقار فرید جگنو نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس توقع کا بھی اظہار کیا ہے کہ وہ بطور چیئر مین ساہیوال بورڈ اپنی بہترین قابلیت کو بروئے کار لاتے ہوئے امتحانی نظام میں انقلابی اصلاحات لائیں گے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں