216

کراچی: آر او پلانٹ مافیا زیر زمین پانی کروڑوں میں بیچنے لگی

کراچی (محمد یوسف سے) کراچی میں ہائیڈرنٹس اور ٹینکرز مافیا کے بعد آراوپلانٹ مافیا بھی منظر عام پر آگئی، گلی گلی آر او پلانٹ لگاکر زیر زمین پانی منرل واٹرکے نام سے فروخت کیا جانے لگا، شہر بھر میں بورنگ کرکے تجارتی بنیاد پر پانی فروخت کیے جانے سے زیر زمین پانی ختم ہونے لگا، شہری بورنگ کے پانی سے بھی محروم ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق شدید گرمی کے دوران کراچی میں پانی فروخت کرنے کا منافع بخش کاروبار عروج پر ہے اور اس میں ملوث آراوپلانٹ مافیا شہریوں کو زیر زمین پانی سے محروم کرکے کروڑوں روپے کمارہے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائیڈرنٹ اور ٹینکرز مافیا سے کئی گناہ بڑی آراوپلانٹ مافیا شہر میں پانی کی فروخت میں ملوث ہے، شہر میں زیر زمین پانی نکال کر منرل واٹر کے نام پر بوتلوں میں بھر کر فروخت کیا جارہا ہے اور شہری اس مافیا سے پانی خریدنے پر مجبور ہیں، آر او پلانٹ کے نام پر جگہ جگہ بورنگ کرکے آراوپلانٹ مافیا نے گلی گلی پانی فروخت کی دکانیں سجا رکھی ہیں جہاں لیٹرکے حساب سے پانی فروخت کیا جارہا ہے جبکہ اس کے برعکس ہائیڈرنٹس سے میٹھا پانی گیلن کے حساب سے کئی گناہ کم ریٹ میں دستیاب ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ واٹر مافیا نے بورنگ کراکر زیرزمین پانی کو اپنی کروڑوں کی کمائی کا ذریعہ بنالیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں