216

ساہیوال : صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ.

ساہیوال(خصوصی رپورٹ) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ، ایمرجنسی وارڈ، چلڈرن وار ڈ اور گائنی وارڈ کا تفصیلی معائنہ، طبی عملے کو مریضوں کی بھر پور دیکھ بھال کی ہدایت- تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا- وہ چلڈرن وارڈ، گائنی وارڈ اور ایمرجنسی میں گئی اور وہاں دی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا- ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو، ساہیوال میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر محمد طارق اورایم ایس ڈاکٹر شاہد نذیر بھی ان کے ہمراہ تھے- انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چلڈرن وارڈ میں ہونے والی بچوں کی حالیہ اموات کسی نا اہلی کا نتیجہ نہیں، فوت ہونے والے بچے دوسرے ہسپتالوں سے انتہائی سیریس کنڈیشن میں ڈی ایچ کیو منتقل کئے گئے تھے جن کے بچنے کے امکامات بہت کم تھے- انہوں نے کہا کہ چلڈرن وارڈ کو مزید بہتر کرنے کے لئے اس کا الحاق چلڈرن ہسپتال لاہور سے کیا جا رہا ہے تا کہ مریض بچوں کو بہتر طبی سہولیات مل سکیں- اس الحاق سے چلڈرن ہسپتال کے سپیشلسٹ ڈاکٹر ساہیوال کا وزٹ کریں گے اور چلڈرن وارڈ کو جدید خطوط پر چلانے میں بڑی مدد ملے گی- انہوں نے ایمرجنسی میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ چلڈرن واڈر میں نرسوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے- ہسپتال میں سٹاف کی شدید کمی کے پیش نظر انہوں نے سٹاف کی فوری بھرتی کی اجازت دی اور ہسپتال پر مریضوں کے بوجھ کے مطابق مزید عملے کی آسامیوں کے لئے سمری بجھوانے کی ہدایت کی –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں