211

لاہور: محسن داوڑ اور علی وزیر کو جانتاتک نہیں، حسین حقانی سابق سفیر برائے امریکہ

لاہور (صابر بخاری سے) امریکہ میں تعینات سابق پاکستانی سفیر اور میمو گیٹ سکینڈل کے اہم کردار حسین حقانی نے کہا ہے کہ محسن داوڑ ،علی وزیر اور پی ٹی ایم کے کسی دوسرے رہنما کو نہ کبھی ملا ، نہ دیکھا اور نہ انکو جانتا ہوں ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں میرے حوالے سے یہ جو خبریں پھیلائی جا رہی ہیں کہ میں محسن داوڑ ،علی وزیر اور پی ٹی ایم کے پیچھے ہوں ، میں اس پراپیگنڈہ کی مذمت کرتا ہوں، میرا ان میں سے کسی سے بھی کبھی کوئی تعلق نہیں رہا اور نہ ہے۔ میں نے تو ان کے نام بھی اب سنے ہیں۔ ہمارے ملک میں باتوں کا بتنگڑ بنا لیاجاتا ہے اور میرے حوالے سے بھی طرح طرح کی باتیں پھیلائی جا رہی ہیں جن میں کوئی سچائی نہیں۔ انہوں نے کہا سوشل میڈیا پر بھی میرے حوالے سے مختلف پیغامات پھیلائے جا رہے ہیں، میں انہیں پڑھ کر ہنستا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ الزام تراشیوں کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔ حسین حقانی نے کہا کہ علی وزیر اور محسن داوڑ کی سرگرمیوں کے حوالے سے کچھ نہیں کہنا چاہتا، جب میں انہیں جانتا تک ہی نہیں تو انکے بارے میں کیا اظہار خیال کر سکتا ہوں۔ وطن واپسی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے بارے میں سابق پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں