189

ساہیوال: موجودہ حکومت عوام کے مسائل کو حل کرنے اور انہیں فری ریلیف کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے. کمشنر ساہیوال ڈویژ ن ندیم الرحمٰن

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژ ن ندیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل کو حل کرنے اور انہیں فری ریلیف کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے تا کہ سرکاری محکموں پر ان کا اعتماد بحال ہو اور ان کی مشکلات میں کمی آئے۔ہفتہ وار کھلی کچہری کا مقصد بھی مسائل کو موقع پر حل کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے کیونکہ حکومت کے واضح احکامات کے مطابق تمام سرکاری محکموں کے ڈویژنل اور ضلعی افسران بھی ان کچہریوں میں موجود ہوتے ہیں جو شکایات پر فوری عملدرآمد کو یقینی بناتے ہیں۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں کمشنر ساہیوال ڈویژن کا چارج سنبھالنے کے بعد پہلی کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر ایس ڈی خالد، اے سی ساہیوال محمد سیف اور اے سی ریونیو علی باجوہ کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔انہوں نے سرکاری افسران پر زور دیا کہ وہ میرٹ اور انصاف کو سب سے مقدم رکھیں اور عام آدمی کے مسائل پر فوری توجہ دیں اور انہیں حل کریں۔اپنا مسئلہ لیکر آنیوالا ہر شخص ہمارا بھائی ہے جسے انصاف فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ کمشنر ندیم الرحمٰن نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی واضح ہدایات ہیں کہ عام آدمی کی زندگی میں آسانی پیدا کی جائے اور ہمیں اس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے چاہیں۔کھلی کچہری میں عوام نے تحریری شکایات بھی پیش کیں جن میں ڈی ایچ کیو ہسپتال ساہیوال کے سیکورٹی گارڈز نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی شکایت،چک نمبر 104 ڈی نور پور پاکپتن کے محمد حسین کھوکھر نے واپڈا سے متعلق،56 جی ڈی کے بشیر احمد کاٹھیا نے محکمہ تعلیم سے متعلق،عدنان یوسف ٹھیکیدار نے محکمہ بلڈنگ سے متعلق اور دوسرے شکایت کنندگان بھی شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں