219

سرگودھا: پولیس محدود وسائل کے باوجود جرائم کی بیخ کنی کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ امتیاز محمود۔

سرگودھا( خصوصی رپورٹ) ایس پی انویسٹی گیشن سرگودھا امتیاز محمود نے کہا ہے کہ پولیس محمود وسائل کے باوجود عوام کی حفاظت اور جرائم کی بیخ کنی کےلئے رات دن کوشاں ہے، محکمہ پولیس میں سستی، کاہلی کے مرتکب اہلکاروں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے، کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں و افسران کو شاباش دی جاتی ہے اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے تا کہ پولیس کا مورال بلند رہے۔ اشتہاری، مفروروں، اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف عید الفطر کے موقع پر کریک ڈاﺅن کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور ضلع بھر کے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جرائم پیشہ افراد کو منطقی انجام تک پہنچانے کےلئے دیا گیا ٹارگٹ پورا کریں، اس ضمن میں کوئی سستی، کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ آج سے ضلع بھر میں عید کے ایام تک سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے، اندرون شہر تمام بازاروں میں پولیس ٹیموں نے اپنی ڈیوٹیاں سنبھال لی ہیں۔ سفید کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی شہر کے بازاروں میں تعینات کی گئی ہے تا کہ عید کی خریداروں کےلئے آنے والے حضرات بالخصوص خواتین اور بچوں کو کوئی پریشانی لاحق نہ ہو۔ پارکوں میں بھی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

قبل ازیں ایس پی انویسٹی گیشن امتیاز محمود نے اعلیٰ کارکردگی پر ڈی ایس پی سٹی سرکل خالد حسین تارڑ، ایس ایچ او سیٹلائٹ ٹاﺅن شہزاد فیض، انسپکٹر عبدالرزاق، سب انسپکٹراعجاز الحق قریشی، اے ایس آئی نواز اور دیگر کو شیلڈیں دیں۔ اس موقعہ پر الیکٹرانک میڈیا کلب کے سرپرست اکرم عامر، صدر سیف خان، جنرل سیکرٹری جنید خان، سفیان وحید، گلزار علی سید، صدر یونین آف جرنلسٹس ذوالفقار ہاشمی، ملک کامران، میاں ریاض،عدیل چوہدری، سجاد اکرم، نعیم فیصل، اشرف ندیم سمیت صحافیوں، معززین شہر کی کثیر تعداد موجود تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں