210

ساہیوال: کاشتکاروں کی استعدادکاربڑھانے میں شعبہ زراعت (توسیع) کا اہم رول ہے۔ رانا علی ارشد، ایڈیسنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس).

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب رانا علی ارشد نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کی استعدادکاربڑھانے میں شعبہ زراعت (توسیع) کا اہم رول ہے۔ اس سلسلہ میں ایسی تجاویز دی جائیں جن کو حکومتی سطح پر عملی جامہ پہنا کر کاشتکاروں کی استعداد کار بڑھائی جاسکے اور انہیں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے روشناس کرایا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساہیوال ڈویژن کے افسران کی مالی سال 2018-19 کے پہلے تین کوارٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لینے بارے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ سید ظفریاب حیدر،چیف پلاننگ رانا محمود اختر،ڈائریکٹر زمحمد ایوب،چوہدری فاروق احمد،ڈاکٹر محمد ارشد،ڈاکٹر اعجاز شاہ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوں سمیت محکمہ زراعت ساہیوال ڈویژن کے دیگر افسران موجود تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ فصلوں پر زرعی زہروں کا زیادہ استعمال محکمہ پیسٹ وارننگ کی کاشتکاروں کو مناسب رہنمائی فراہم نہ کرنے کی وجہ سے ہورہا ہے۔ کیڑوں اور بیماریوں کے کنٹرول کیلئے زرعی زہروں کا اثر، زہروں میں ملاوٹ، سپرے کرنے کے غلط طریقے اور آئی پی ایم سے لاعلمی جیسے دیگر ایشوز حل کرنے کی ضرورت ہے جو محکمہ پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ساہیوال ڈویژن کے افسران مقرر کردہ اہداف کا حصول دئیے گئے ٹائم فریم کے مطابق یقینی بنائیں۔ زراعت میں انقلاب جدید زرعی تحقیق کی بدولت ہی ممکن ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے زرعی سائنسدان فصلوں کی ایسی اقسام کی دریافت پر توجہ مرکوز کریں جو زیادہ گرمی کو برداشت کرسکیں اور کم پانی کے استعمال سے زیادہ پیداوری صلاحیت کی حامل ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ زرعی سائنسدانوں اور شعبہ (توسیع) کے افسران کے مشترکہ میٹنگز کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جائے تاکہ انہیں جدید ریسرچ بارے معلومات، فیلڈ کے مسائل اور تجربات سے باہمی آگاہی حاصل ہوسکے۔ جاری زرعی تحقیقاتی سرگرمیوں کا مقصد کاشتکاروں کی فلاح ہونا چاہیے اور اس ضمن میں شعبہ زراعت (توسیع) کے افسران و فیلڈ عملہ جدید تحقیق کے ثمرات کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچائیں۔ شعبہ زراعت توسیع کا عملہ کاشتکاروں کو روایتی زراعت سے منافع بخش زراعت کی طرف راغب کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے اوران کی آگاہی کیلئے موسم اور فصلوں کی کاشت بارے پیغامات پبلک مقامات پر پینافلیکس کی صورت میں آویزاں کیے جائیں سڑک کے کنارے موجود برجیوں پرصرف وقت، موسم اور علاقے کے حساب سے پیغامات تحریر کیے جائیں۔ جعلی زرعی ادویات اور غیر معیاری کھادوں کے کاروبار میں ملوث عناصر کی بیخ کنی کیلئے کاروائیاں تیز کی جائیں اور ایسے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ رانا علی ارشد ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب نے اہداف حاصل نہ کرنے والے افسران کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کام میں بہتری لائیں اور دئیے گئے اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں۔ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے والے افسران کے خلاف بلاتفریق سخت محکمانہ ایکشن لیا جائے گا۔قبل ازیں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب رانا علی ارشد وڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ سید ظفر یاب حیدرنے اختر آباد تحصیل رینالہ خورد میں منعقدہ کاشتکاروں کے اجتماع سے خطاب کیا اور کپاس کے فیلڈ کا معائنہ بھی کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں