202

ساہیوال: غریب اور مستحق اقلیتی افراد کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے. اعجاز عالم آگسٹین، صوبائی وزیر اقلیتی امور.

ساہیوال ( )صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ غریب اور مستحق اقلیتی افراد کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں -تحریک انصاف کی حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے کوشاں ہے جس کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کی حمایت انتہائی ضروری ہے -انہوں نے یہ بات ضلع کونسل ہال میں مستحق مسیحی افراد میں امداد چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں 250افراد میں 5،5ہزار روپے کے چیک تقسیم کئے گئے -تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو،پی ایچ اے کے چیئر مین علی شکور خاں اور بشپ آف ساہیوال ابراہام عظیم ڈنیئل کے علاوہ مقامی مسیحی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی -انہوں نے کہا کہ اقلیتو ں کے مسائل حل کرنے کے لئے وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا اور انہیں زندگی کی تمام سہولیات فراہم کرنے کے لئے آئندہ بجٹ میں خطیر رقم مختص کی جائے گی -پاکستان کی اقلیتیں مساوی حقوق رکھتی ہیں اور ان حقوق کے تحفظ کے لئے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی -صوبائی وزیر نے کہا کہ اسلام نے ہر فرد کے حقوق کے تحفظ پر زورد یا ہے اور معاشرے کے ہر فرد خصوصا اقلیتوں کے انفرادی حقوق کو بھی تحفظ فراہم کیا جائے گا -انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو ایک فلاحی ریاست بنانے کے لئے کوشاں ہیں جہاں ہر فرد کو مذہبی اور شخصی آزادی حاصل ہو گی -انہوں نے امدادی چیک تقسیم کرنے پر ضلعی انتظامیہ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اس امدادی رقم سے مسیحی افراد اپنی چند ضروریات پوری کرنے کے قابل ہونگے تاہم ضروری ہے کہ ان کے لئے وسائل کا بہتر بندوبست کیا جائے -تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بشپ آف ساہیوال ابراہام عظیم ڈنیئل نے غریب مسیحی افراد کو مالی امداد فراہم کرنے پر پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ حکومت اقلیتی برادری کے مسائل حل کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے گی –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں