189

ساہیوال: پنجاب حکومت اگلے مالی سال میں 15 ارب روپے سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، نکاسی آب اور سٹکوں کی تعمیر کا منصؤبہ شروع کررہی ہے جو 4 سال میں مکمل ہوگا. کیپٹن (ر) سیف انجم. سیکرٹری لوکل گورنمنٹ.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) پنجاب حکومت اگلے مالی سال سے 15ارب روپے کی خطیر رقم سے ساہیوال شہر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی،سیوریج کے نظام کی بہتری اور سڑکوں کی تعمیر کا ایک جامع منصوبہ شروع کر رہی ہے جو 4 سال کے عرصے میں پایہ تکمیل کو پہنچے گا- منصوبے کی تکمیل سے شہر کی 4لاکھ آبادی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی اور نکاسی آب کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہونگے- یہ بات صوبائی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کیپٹن (ر) سیف انجم نے کمشنر آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ساہیوال کے لئے انٹر میڈیٹ سٹیز امپروومنٹ پروگرام پر تفصیلی غور کیا گیا جس کے لئے ایشیائی ترقیاتی بنک مالی معاونت فراہم کر رہا ہے- اجلاس میں کمشنر ساہیوال عارف انور بلوچ، ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو، پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر قیصر سلیم اورڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان کے علاوہ میونسپل کارپوریشن، نیسپاک اور دوسرے متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی- انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت شہروں اور دیہی علاقوں میں سہولیات کی فراہمی کے ایک جامع پروگرام پر عمل شروع کر رہی ہے اور نئے بلدیاتی نظام کے تحت تما م اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہو جائیں گے- صوبائی حکومت اگلے مالی سال میں میونسپل سروسز کی فراہمی کے لئے موجود ہ مالی سال کے لئے مختص 44ارب روپے کے مقابلے میں 103ارب روپے مختص کر رہی ہے جس سے صوبے بھر میں میونسپل سروسز میں بہتری آئے گی اور عوام کا معیارزندگی بلند ہو گا- اجلاس میں بتایا گیا کہ ساہیوال شہر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے بوسیدہ پائپ لائنوں کو تبدیل کرنے، نئی لائنیں بچھانے، مزید ٹیوب ویلز، واٹر ٹینک اور فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر پر 2ارب 70کروڑ روپے خرچ ہونگے جبکہ سیوریج کے منصوبوں پر 9ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی جن میں سیوریج لائنوں کی تبدیلی، نئی لائنوں کو بچھانے اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب شامل ہے- سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کپیٹن (ر) سیف انجم نے ہدایت کی کہ شہر میں سڑکوں کی بہتری اور تعمیر نو کے لئے 2ارب روپے مختص کئے جائیں جبکہ میونسپل کارپوریشن کی مستقل آمدنی کے لئے ایک کمرشل پلازہ اور پارکنگ پلازہ بھی تعمیر کیا جائے گا- انہو ں نے شہر میں ایک بڑے تفریحی پارک کی تعمیر کا بھی اعلان کیا جس سے شہریوں کو جدید تفریحی سہولیات میسر آئیں گی- انہوں نے میونسپل افسران کو ہدایت کی کہ شہروں میں صفائی کی صورتحال پر خصوصی توجہ دی جائے اور میونسپل سروسز سے متعلق شہریوں کی شکایات کو فوری دور کیا جائے- بعدا زاں صوبائی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کپیٹن (ر) سیف انجم نے پروجیکٹ ڈائریکٹر قیصر سلیم، ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان کے ہمراہ ڈمپنگ سائٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور منصوبے کے بارے میں آگہی حاصل کی-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں