328

لاہور: داتا دربار کے باہر خود کش بم دھماکہ آٹھ افراد شہید پچیس زخمی ڈی آئی جی پنجاب عارف نواز

لاہور (اسد الیاس سے) داتا دربار کے باہر پولیس ناکے پر دھماکے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہو گئے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ خودکش تھا۔ دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئیں۔ تفصیلات کے لاہور کے علاقے داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 پر تعینات ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب خودکش حملہ ہوا جس کے بعد مذکورہ علاقے میں افراتفری مچ گئی۔ خودکش حملے کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق جب کہ پچیس افراد کے زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ ریسکیو ٹیموں نے بروقت امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکام نے لاہور کے میو اور جنرل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے پچیس میں سے سات افراد کی حالت تشویش ناک ہے جنہیں سر میں شدید زخم آئیں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں پولیس وین مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے جب کہ خودکش حملہ آور کی لاش جائے وقوعہ پر ہی موجود ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے دھماکے کے بعد علاقے کی مکمل طور پر ناکہ بندی کردی تاکہ شواہد اکٹھے کیے جاسکیں. پولیس کی جانب سے دھماکے کی نوعیت کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ لاہور کا مذکورہ علاقہ انتہائی گنجان آباد علاقہ ہے جہاں کئی دکانیں اور قریب میں اردو بازار اور امام بارگاہ کربلا گامے شاہ بھی واقع ہے جہاں اس سے قبل چہلم امام حسین کے موقع پر خودکش دھماکا ہوا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں