236

ساہیوال: میلے پنجاب کی ثقافت اور تہذیب کے عکاس ہیں. عارف انور بلوچ، کمشنر.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ میلے پنجاب کی ثقافت اور تہذیب کے عکاس ہیں،میلوں کے انعقاد سے ہمارے ورثے کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ ایسے دنیا کے سامنے بہتر طور پر اجاگر کرنے میں بھی بڑی مدد ملتی ہے ۔انہوں نے یہ بات چک نمبر 109/12-Lمیں جشن بہاراں میلے کی رنگا رنگ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا انعقاد مقامی یونین کونسل نے کیا تھا ۔میلے میں آر پی او شارق کمال،ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو ،ڈی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء ،تحریک انصاف کے مرکزی رہنما رائے حسن نواز خاں اور سابق صوبائی وزیر ملک اقبال احمد لنگڑیال نے بھی خصوصی شرکت کی ۔انہو ں نے کہا کہ پنجاب کے زندہ دل لوگ میلے ٹھیلوں سے نہ صرف اپنی زندہ دلی کا بھر پور اظہار کرتے ہیں بلکہ اس سے وہ مختلف فنون میں اپنی مہارتوں سے بھی روشناس کراتے ہیں ۔میلے صوبے میں لائیوسٹاک اور زراعت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں جہاں شریک کسانوں کو مختلف مہارتوں سے آگاہی بھی فراہم کی جاتی ہے ۔انہو ں نے میلے میں محکمہ لائیوسٹاک کے سٹالز اور بہترین جانوروں کی نمائش پر ایڈیشنل کمشنر ثمرین کوثر کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ جانوروں کی بہتر پیداوار کے لئے کسانوں کو تمام معلومات فراہم کی جائیں تا کہ وہ اضافی آمدنی حاصل کرسکیں ۔جشن بہاراں کا آغاز تمام مہمانوں کی متعلقہ یونین کونسل کے چیئر مین افتخار بشیر چیمہ کی طرف سے دستار بندی سے ہوا جس کے بعد پولیس بینڈ،مارچ پاسٹ ،گھڑ ناچ،ڈاچی ناچ،رسہ کشی اور کبڈی کے مقابلے اور بچوں کا ٹیبلو پیش کیا گیا جسے سینکڑوں حاضرین نے بے حد سراہا ۔میلے سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او شارق کمال صدیقی نے کہا کہ ہماری دھرتی دودھ کی پیداوار اور مویشیوں کی کوالٹی کے حوالے سے پوری دنیا میں مشہور ہے جن کو فروغ دینے کا سہرا محکمہ لائیوسٹاک کے سر جاتا ہے جو ہمارے عام کسانوں میں بہترین جانور پالنے کا جذبہ پیدا کرتے ہیں ۔میلے کے اختتام پر کمشنر عارف انور بلوچ نے لگائے گئے سٹالز کا بھی دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی معلومات اور رہنمائی پر اطمینان کا اظہار کیا جن سے چھوٹے کسانوں کو جانوروں کی بہتر نگہداشت اور صحت کے حوالے سے ضروری معلومات فراہم کی گئی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں