205

ساہیوال: معاشرے کے فعال طبقات خصوصاً ساہیوال چیمبر کو چاہیے کہ وہ صحت کی بہتر سہولتوں کی فراہمی میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔محمد زمان وٹو، ڈپٹی کمشنر.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ عوام میں بیماریوں سے متعلق آگہی پیدا کر کے اور انہیں مناسب طبی سہولتیں فراہم کر کے خطرناک بیماریوں خصوصاً ہیپاٹائٹس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ معاشرے کے فعال طبقات خصوصاً ساہیوال چیمبر کو چاہیے کہ وہ صحت کی بہتر سہولتوں کی فراہمی میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔انہوں نے یہ بات ساہیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ہیپاٹائٹس کلینک کے دورے کے موقع پر کہی۔اس موقع پر چیمبر کے صدر راشد حمید چوہدری،سابق صدر چوہدری سلطان محمود،میاں احمد سعید،چوہدری احمد قیوم،چوہدری سرور جتالہ،عمران غزالی چوہدری،محمد نعیم شیخ،خالد سلطان گوگا اور چوہدری طاہر رؤف بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس سے پہلے ڈی پی او کیپٹن (ر)محمد علی ضیا، کامسیٹس ساہیوال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سلیم فاروق شوکت،ڈپٹی رجسٹرار صفدر علی اور ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے بھی کیمپ کا دورہ کیا اور ساہیوال چیمبر کی کاوشوں کو سراہا۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے امید کا اظہار کیا کہ ساہیوال چیمبر خطے کی صنعتی اور تجارتی ترقی کے ساتھ ساتھ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کرتا رہے گا اور ہیلتھ کیمپ جیسے فلاحی اقدامات سے عوام کو زبردست ریلیف ملے گا۔انہوں نے شہر میں سے پلاسٹک شاپر کے خاتمے میں چیمبر کے تعاون سے آگہی مہم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا تا کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔اس سے پہلے ساہیوال چیمبر آف کامرس کے صدر راشد حمید چوہدری نے بتایا کہ مقامی نجی لیبارٹری کے تعاون سے بلاتفریق شہریوں کی ہیپاٹائٹس سکریننگ کی جا رہی ہے اور جو افراد بی یا سی ہیپاٹائٹس میں مبتلا ہوئے ان کو مکمل علاج کی مفت سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے ساہیوال میں 750 ایکڑ پر مشتمل انڈسٹریل زون بنانے میں ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو کی خدمات کو بھی سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں