215

ساہیوال: ناجائزمنافع خوری کو روکنے کے لئے سخت انتظامی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں. محمد زاہد اکرام.ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) ایڈیشنل کمشنر کو آرڈینیشن محمد زاہد اکرام نے کہا ہے کہ عوام کو ضروری اشیائے صرف مقررہ نرخوں پر فراہم کرنے اور ناجائزمنافع خوری کو روکنے کے لئے سخت انتظامی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور پرائس مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی چیکنگ یقینی بنائیں گے جس سے معیاری اور مقررکردہ نرخوں پر اشیائے صرف کی فراہمی ممکن ہو گی ۔ رمضا ن المبارک کے دوران لگائے جانے والے رمضان بازاروں میں تمام اشیائے صرف مارکیٹ سے کم نرخوں پر فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ فیئر پرائس شاپس اور رمضان بازاروں میں یوٹیلیٹی سٹورز کے سٹالز لگائے جائیں گے جس سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا ۔انہوں نے یہ بات کمشنر آفس میں اشیائے صرف کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے لئے ہونے والے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی کمشنر پاکپتن احمد کمال مان ،اے ڈی سی ریونیو ساہیوال محمد نواز گوندل اور اے سی ریونیو علی باجوہ سمیت متعلقہ محکموں کے ڈویژنل افسرا ن نے شرکت کی ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ جنوری سے مار چ2019کے تین مہینوں کے درمیان ساہیوال ڈویژن میں پرائس مجسٹریٹس نے 13ہزار307پرائس چیکنگ کیں جس دوران 3ہزار357خلاف ورزیوں پر 3ہزار 348افراد کے خلاف 39لاکھ48ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 21مقدمات بھی درج کئے گئے ۔ایڈیشنل کمشنر محمد زاہد اکرام نے پرائس مجسٹریٹس پر زور دیا کہ وہ مسلسل خلاف ورزی کرنے والے عادی دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں جیل بھجوائیں ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع کی انتظامیہ تاجر تنظیموں اور ہول سیل ڈیلروں کے ساتھ ابھی سے مشاورت کا عمل مکمل کرے تا کہ رمضان المبارک کے دوران ضروری اشیائے صرف کی سپلائی کو یقینی بنایا جا سکے ۔انہوں نے تمام پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ ریٹ لسٹیں اپنے ہمراہ رکھیں تا کہ مقررہ کردہ قیمتوں پر عملدر آمد کو یقینی بنا یا جا سکے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں