181

اسلام آباد: عوام ہوجائے ہوشیار، 500 ارب کے نئے ٹیکسزلگنے کو ہیں تیار، پاکستان نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرادی.

اسلام آباد(نمائندہ بریلینٹ) عوام ہوجائے ہوشیار، 500 ارب کے نئے ٹیکسزلگنے کو ہیں تیار، پاکستان نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرادی. تفصیلات کے مطابق پاکستان کے آئی ایم ایف سے مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے جس میں ٹیکس اصلاحات اور آمدن بڑھانے کی تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ ٹیکس حکام وفد کو اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم سے بھی آگاہ کریں گے۔ آئی ایم ایف مشن کی سربراہی ارنستو ریگو کر رہی ہیں جب کہ پاکستان کی جانب سے وفد کی قیادت سیکرٹری وزارت خزانہ کر رہے ہیں۔ آئی ایم ایف کے ساتھ پہلے مرحلے میں تکنیکی سطح کے مذاکرات ہوئے جن میں ٹیکس اصلاحات اور آمدن بڑھانے کی تجاویز پر غور کیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ پاکستان نے ٹیکس اصلاحات اور توانائی کے شعبہ کے لئے تجاویز تیار کر لی ہیں۔ آئی ایم ایف وفد وزارت خزانہ‘ ایف بی آر‘ سٹیٹ بینک سمیت متعلقہ اداروں سے مذاکرات کریگا۔ پاکستان کو آئی ایم ایف سے 6 سے 8 ارب ڈالر تک قرض ملنے کا امکان ہے۔ پاکستان نے نئے بجٹ میں ایف بی آر کا ہدف 4500ارب روپے مقرر کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے 500ارب روپے کے نئے ٹیکسز لگانے کی یقین دہانی کرا دی۔ رواں سال ایف بی آر 41 سو ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کرے گا۔ آئی ایم ایف وفد10مئی تک پاکستان رہے گا۔ انٹر نیشنل مانیٹری فنڈ نے پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی۔ آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق پاکستان سمیت خطے کی معاشی صورتحال انتہائی خطرناک ہے۔ معیشت سست روی کا شکار ہے۔ ہنگامی اصلاحات کے ذریعے مالی مسائل سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔ پاکستان کو لاکھوں نوجوانوں کو روزگار فراہمی کا فوری بندوبست کرنا ہوگا۔ خطے کی ترقی کی شرح بھی پاکستان کی ترقی میں کمی پر اثر انداز ہوگی جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ نے پاکستان اور علاقائی ممالک سے متعلق رپورٹ بھی جاری کردی ہے جس میں اکنامکس آؤٹ لک آف مڈل ایسٹ، جنوبی افریقہ، افغانستان سمیت پاکستان شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق تیل درآمد کرنے والے ممالک کے قرضوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور پاکستان سمیت خطے کی معیشت سست روی کا شکار ہے۔ اگر ہنگامی اصلاحات کے ذریعے مالی مسائل سے نمٹنے کے اقدامات نہ کیے گئے تو مہنگائی کی شرح مزید بڑھے گی۔ بین الاقوامی تجارتی تنازعات بھی معیشت کو متاثر کر رہے ہیں ان کے حل پر بھی اقدامات کرنے ہونگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اسلام آباد: عوام ہوجائے ہوشیار، 500 ارب کے نئے ٹیکسزلگنے کو ہیں تیار، پاکستان نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرادی.” ایک تبصرہ

  1. ادھر تو 500 کی بجائے 1500 ارب روپے سے بھی زائد کے ٹیکسز لگ گئے ہیں جناب۔۔۔۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں