246

ساہیوال: اچھے ڈاکٹر کے لئے ضروری ہے کہ وہ اچھا انسان بھی ہو. پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ اس سال میڈیکل کالجز میں داخلوں کا انٹری ٹیسٹ انٹرمیڈیٹ امتحانات کے فورا بعد منعقد کرایا جائے گا تا کہ ہزاروں طلبا وطالبات کو اکیڈمی مافیا سے بچایا جا سکے، اچھے ڈاکٹر کے لئے ضروری ہے کہ وہ اچھا انسان بھی ہو تا کہ دکھی انسانیت کی بہتر خدمت کر سکے ،یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میڈیکل فیلڈ میں ریسرچ کلچر کو فروغ دینے کے لئے دور رس اقدامات اٹھا رہی ہے جس سے علاج میں آسانیاں پیدا ہونگی اور مریضوں کی بہتر نگہداشت میں مدد ملے گی ۔انہو ں نے یہ بات ساہیوال میڈیکل کالج کے اپنے پہلے دورے کے دوران فکیلیٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد طارق ،سابق پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ارشد قریشی ،ڈاکٹر رئیس عباس ،ڈاکٹر نثار احمد اور ڈاکٹر احسان الحق بھی موجود تھے ۔انہو ں نے ساہیوال میڈیکل کالج کی نصابی اور ہم نصابی کامیابیوں کو سراہا اور یقین دلایا کہ کالج کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی خصوصا فکیلٹی کی تربیت یقینی بنائی جائے گی تا کہ کالج کو مزید بہتر کیا جا سکے ۔پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ میڈیکل فیلڈ میں ریسرچ کو فروغ دینے اور نئے ڈاکٹرز کی مناسب تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جس کے لئے ملک کی تمام میڈیکل یونیورسٹیوں کا انٹر یونیورسٹی بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جس سے ریسرچ کو زیادہ بہتر طریقے سے فروغ مل سکے گا ۔انہو ں نے کہا کہ میڈیکل شعبے میں مزید پروگرامز خصوصا ہسپتالوں کی مینجمنٹ کا خصوصی پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے جس سے ہسپتالوں کی مینجمنٹ میں بہتری آئے گی اور مریضوں کو بہتر سہولیات مل سکیں گی ۔انہوں نے مزید بتایا کہ انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ میڈیکل پروگراموں کے سلیبس پر بھی نظر ثانی کی جا رہی ہے اور اسے جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے۔انہوں نے ساہیوال میڈیکل کالج کی تمام تعلیمی اور طبی سہولیات پورا کرنے کا بھی وعدہ کیا ،اس سے پہلے پرنسپل ڈاکٹر محمدطارق نے بتایا کہ کالج کا تعلیمی معیار پورے پنجاب میں سب سے زیادہ ہے او رکالج کو 10پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کے لئے منظوری دی جا چکی ہے ۔بعد ازاں وائس چانسلر یو ایچ ایس نے ڈینگی سمپوزیم سے خطاب کیا جس میں فائنل ایئر کے طلبا و طالبات اور اساتذہ نے بھی شرکت کی ۔سیمپوزیم میں ڈینگی بخار کی وجوہات اور علاج کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں