261

ساہیوال: لائیو سٹاک کی ترویج ملک کی اقتصادی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے بنیادی اہمیت کی حامل ہے. عارف انور بلوچ، کمشنر.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ لائیو سٹاک کی ترویج ملک کی اقتصادی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے بنیادی اہمیت کی حامل ہے ۔لائیوسٹاک سروسز کو عام زمیندار کی دہلیز تک پہنچا کر اس اہم قومی مقصد کو حاصل کیا جا سکتا ہے جس کیلئے محکمہ لائیو سٹاک کو کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے اور محکمے کا فیلڈ سٹاف ہمہ وقت زمینداروں سے قریبی رابطے میں رہے ۔انہوں نے یہ بات انٹرنیشنل بیفلو میلہ پتوکی میں دودھ کی پیداوار اور جانوروں کی خوبصورتی کے مقابلوں میں پوزیشنز حاصل کرنیوالے لائیوسٹاک بریڈرز میں شیلڈزاور نقد انعام تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر غلام مصطفےٰ ، ایڈیشنل ڈائریکٹرز ڈاکٹر ثمرین کوثر ،ڈاکٹر لبنیٰ جبار اور ڈاکٹرخالد رشید بھی تقریب میں موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ زراعت اور لائیوسٹاک سیکٹرز کا پاکستان کی جی ڈی پی میں اہم حصہ ہے اور ان دونوں شعبوں سے ملک کی 80 فیصد آبادی کا روزگار وابستہ ہے ۔انہی دونوں شعبوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور چاہتی ہے کہ کسانوں اور بریڈرز کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ ساہیوال ڈویژن میں دنیا کی سب سے زیادہ خوبصورت نیلی راوی بھینس اور ساہیوال نسل کی گائے پائی جاتی ہے جس کی افزائش پر بھر پور توجہ دی جانی چاہیے ۔کمشنر عارف انور بلوچ نے کسانوں کے گھروں تک سروسزکی فراہمی پر محکمہ لائیوسٹاک کے فیلڈ سٹاف کی خدمات کو سراہا ۔اس سے پہلے پاکپتن سے تعلق رکھنے والے ایک ترقی پسند بریڈر میاں علی عمران نے کہا کہ دودھ کی یکساں قیمتوں کی بدولت کسان بھینس کی بجائے گائے پالنے کو ترجیح دے رہے ہیں جس سے بھینسوں کی افزائش متاثر ہو رہی ہے ۔حکومت کو چاہیے کہ وہ بھینسوں کی افزائش پر خصوصی توجہ دے اور جعلی دودھ بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے تا کہ کسانوں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ مل سکے ۔ تقریب میں محکمہ لائیوسٹاک کے افسران ڈاکٹر ثمین عباس ،ڈاکٹر شفاقت علی ،ڈاکٹر رفاقت علی ،ڈاکٹر محمد آصف ،ڈاکٹر محمد ارشاد ،ڈاکٹر محمد فیصل ،ڈاکٹر اعجاز حسین ،ڈاکٹر عدیل عباس ،ڈاکٹر خالد قیصر اور ڈاکٹر عامر نذیر کو خصوصی شیلڈز بھی دی گئیں جبکہ جانوروں کے دودھ اور خوبصورتی کے مقابلوں میں ساہیوال ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پوزیشن ہولڈربریڈرز میں سرٹیفیکیٹس اور نقد انعام تقسیم کیے گئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں