194

ساہیوال: صوبائی حکومت گندم کے کسانوں کو‌مڈل مینوں کے ہاتھوں لٹنے نہیں دے گی. خرم شیر لغاری مشیر وزیراعلی پنجاب.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ)وزیر اعلی پنجاب کے مشیر خرم شیر لغاری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کسانوں کو گندم کی فصل کا پورا معاوضہ دلائے گی اور انہیں مڈل مین کے ہاتھوں معاشی استحصال نہیں ہونے دیا جائے گا ۔صوبے بھر میں 40لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جن پر 130ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی ۔حکومت کسانوں کو باردانہ کے حصول پر در پیش مشکلات سے بھی آگاہ ہے اور اس سال فول پروف سسٹم کے تحت باردانہ کی تقسیم یقینی بنائی جائے گی تا کہ شکایات نہ ہو سکیں ۔انہوں نے یہ بات ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلع ساہیوال میں گندم خریداری مہم کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد نواز گوندل نے انہیں تفصیلات سے آگاہ کیا ۔خرم شیر لغاری نے ہدایت کی کہ ہر خریداری مرکز پر زمینداروں کو مکمل سہولیات خصوصا پینے کے پانی کی فراہمی اورٹوائلٹ کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے ۔اجلاس میں اے ڈی سی ریونیو محمد نواز گوندل نے بتایا کہ ضلع ساہیوال میں گندم خریداری کے لئے 22مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں زمینداروں سے باردانہ کیلئے درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں اور 12اپریل تک پہلے 5دنوں میں 22ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں ۔انہو ں نے بتایا کہ گرداوری لسٹیں تمام مراکز پر موجود ہیں اور انہی کے مطابق باردانہ تقسیم کیا جائے گا ۔مشیر وزیر اعلی پنجاب خرم شیر لغاری نے ہدایت کی کہ پوری مہم کے دوران کسانوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے میکنیزم تشکیل دیا جائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں