221

ساہیوال: 72 ویں پنجاب گیمز، 15 گولڈ میڈل کے ساتھ ڈویژن کی ٹیم نے پنجاب میں تیسری پوزیشن اپنے نام کرلی.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) ساہیوال ڈویژن نے 72ویں پنجاب گیمز میں 15گولڈ میڈل حاصل کر کے صوبے میں تیسری پوزیشن حاصل کی جو پنجاب کے سب سے چھوٹے ڈویژن کے لئے اعزاز کی بات ہے، 3سے6اپریل تک لاہور میں منعقد ہونے والی ان کھیلوں میں 21میل، 7فی میل اور 2سپیشل افرا دکی ٹیموں نے ساہیوال ڈویژن کی نمائندگی کی جنہو ں نے 15گولڈ میڈل، 8سلور اور 24کانسی سمیت 47میڈلز حاصل کئے۔ اتھلیٹکس میں ساہیوال ڈویژن کے علی احمد نے 100میٹر دوڑ میں 10.26سکینڈ کا صوبے میں نیا ریکارڈ بھی قائم کر دیا جس پر انہیں 50ہزار روپے کے خصوصی انعام سے نواز ا گیا، یہ بات ڈویژنل سپورٹس آفیسر اکبر مراد نے گیمز میں ساہیوال ڈویژن کی کارکردگی کی جائزہ رپورٹ میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ کی سر براہی میں 8سال بعد ہونے والے پنجاب گیمز میں ڈویژن کی ٹیموں نے بھر پور شرکت کی اور تمام مقابلوں میں حصہ لیا۔ مقابلوں کے نتائج کے مطابق علی احمد نے 100میٹر اور 200میٹر میں گولڈ میڈل حاصل کئے، بلال میراں نے 400میٹر میں گولڈ جبکہ 200میٹر میں سلو ر میڈل حاصل کیا اسی طرح 200میٹر کی ریس میں گولڈ اور سلور میڈل ساہیوال ڈویژن کے حصہ میں آئے۔ اکبر مراد نے مزید بتایا کہ لانگ جمپ اور ٹرپل جمپ میں عمر احتشام نے گولڈ میڈل جبکہ ہائی جمپ میں سلو ر میڈل جیتا۔ اتھلیٹکس کے ٹیم مقابلوں میں ساہیوال کی ٹیم نے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ ڈسکس تھرو میں ولایت خان اور صفیہ نے گولڈ میڈل جیتے اور 67کلو گرام کراٹے میں سلیمان نعیم اور 50کلو گرام کراٹے میں علی حیدر نے گولڈ میڈل حاصل کئے۔ ڈویژنل سپورٹس آفیسر اکبر مراد نے ٹیم ایونٹ کی فتوحات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن نے بیڈمنٹن سنگل اور ٹیم مقابلوں میں 2گولڈ میڈل حاصل کئے اس طرح باڈی بلڈنگ کے مقابلوں میں بھی 2گولڈ میڈل جیتے جبکہ بیڈ منٹن ڈبل، فٹ بال، کک باکسنگ، ریسلنگ اور تائیکو وانڈو میں سلو ر میڈل جیتے جو ساہیوال ڈویژن کے لیے باعث افتخار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں