228

چیچہ وطنی: کرپشن ایک کینسر ہے اور پاکستان کی تباہی کا باعث ہے. چوہدری محمد سرور، گورنر پنجاب.

چیچہ وطنی (میاں رضوان انور سے) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کرپشن ایک کینسر ہے اور پاکستان کی تباہی کا باعث ہے ،تحریک انصاف ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے ،ہماری حکومت میں 4وزراء نے صرف الزامات پر استعفا دے دیا حالانکہ ان کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں تھا ،ملک میں سیاست کا معیار بہتر کرنا چاہیے ہیں تا کہ بد عنوانی اور کرپشن کا خاتمہ ممکن ہو ۔انہو ں نے یہ بات تحصیل بار ایسوسی ایشن چیچہ وطنی کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی رہنما رائے حسن نوازخان ،ممبر قومی اسمبلی رائے مرتضی اقبال خان،ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو اور ڈی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء سمیت عمائدین شہر اور وکلاء کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی پچھلے 7ماہ کی حکومت میں بین الاقوامی برادری میں ملک کا وقار بلند ہوا ہے اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہم نے بھارت اور نریندر مودی کو سفارتی ،سیاسی اور سرحدی محاذ پر شکست دی۔ جو ہمیں تنہا کرنا چاہتا تھا اسے ہم نے دنیامیں تنہا کر دیا ہے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ دو نہیں ایک پاکستان کی بات کی ہے جس میں قانون کی نظر میں سب برابر ہوں اور انہیں انصاف مل سکے ۔اس خواب کی تعبیر میں وکلاء کا کردار انتہائی اہم ہے او رانہیں چاہیے کہ وہ غریب آدمی کو انصاف کی فراہمی میں اپنا اہم کردار اد ا کریں ۔انہو ں نے کہا کہ ملک کی بڑی بد قسمتی ہے کہ یہاں کی 70فیصد آبادی کو پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں اور وہ آلودہ پانی پینے سے متعدد خطر ناک بیماریو ں کا شکار ہو رہے ہیں ۔تحریک انصاف کی حکومت اس اہم مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس سے ہر شہری کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے گی ۔سرور فاؤنڈیشن بھی اس مقصد کے حصول کے لئے کوشاں ہے او راب تک 200واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جا چکے ہیں جس سے 15لاکھ افراد مستفید ہو رہے ہیں ۔گورنر پنجا ب چوہدری محمد سرور نے چیچہ وطنی میں فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چلنے والے رائے علی نواز ہسپتال کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور فاؤنڈیشن کے تحت ایک معیاری سکول قائم کرنے کا اعلان کیا جس سے علاقے کے بچو ں کو معیاری تعلیم کے حصول کا موقع ملے گا ۔انہو ں نے وکلاء کالونی کے مطالبے پر کہا کہ پنجاب کی تمام بار ایسوسی ایشنز کالونیا ں بنانے کا مطالبہ کر رہی ہیں جس کا فیصلہ صوبائی سطح پر ہو گا تاہم ان کا ووٹ وکلاء کے حق میں ہی ہو گا ۔انہو ں نے چیچہ وطنی بار کے نئے وکلاء کے چیمبرز کی تعمیر کے لئے جگہ کی فراہمی کے مطالبے پر ڈپٹی کمشنر ساہیوال کو جگہ فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔اس سے پہلے گورنر پنجاب نے رہنما تحریک انصاف رائے حسن نواز خان کی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں