254

چیچہ وطنی: دین اسلام کی دعوت سے ہی دنیا میں امن قائم ہو گا. محمد سعید انور، سابق کرکٹر.

چیچہ وطنی (میاں رضوان سے) قومی ٹیم کے سابق کرکٹر محمد سعید انور نے کہا ہے کہ دین اسلام کی دعوت سے ہی دنیا میں امن قائم ہو گا، اسلام اور مسلمان امن پسند اور دنیا میں محبت بانٹنے والے ہیں. دین اسلام وہ واحد مذہب ہے جو انسان کو کامل انسان بناتا ہے، موجودہ دور میں دین سے دوری امت مسلمہ کے زوال کا سبب بن رہی ہے. آج ہم خالق حقیقی اللہ رب العزت کی غلامی کو چھوڑ کردنیا وی کاموں میں الجھتے جا ررہے ہیں. یہی وجہ ہے کہ ہم رزق کے حصول اور زیست میں سکون کیلئے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، ہمیں رزق کمانے کی فکر تو بہت ہے مگر آج ہم اللہ رب العزت کے دین کو دنیا میں پھیلانے کی فکر سے غافل ہیں، ہماری ہر وقت سوچ اور تڑپ یہ رہنی چاہئے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی امت جنت میں جانے والی بن جائے. اس کیلئے ہم سب کو محنت کرنا ہو گی اور لوگوں کو دین کی دعوت دیتے ہوئے ان کا تعلق مسجد سے جوڑنا ہو گا. جس کا تعلق مسجد سے جڑ گیا تو اس کا تعلق اللہ تعالیٰ سے جڑ گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف عالم دین مفتی حسان زاہد کی خصوصی دعوت پر جامع مسجد چیچہ وطنی بلاک نمبر 12 میں تبلیغی واصلاحی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جمعیت علماءاسلام کے صوبائی رہنما مفتی محمد عثمان، چیئرمین ضلع کونسل ساہیوال چوہدری زاہد اقبال، شیخ الحدیث جامعہ اسلامیہ مفتی محمد ساجد، صدر انجمن اسلامیہ جامع مسجد حاجی محمد ایوب، جنرل سیکرٹری پروفیسر جاوید منیر، جنرل سیکرٹری عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت مفتی کفایت اللہ، مولانا عثمان زاہد، قاری نعمان زاہد، مولانا طلحہٰ ظفر، مفتی صہیب ظفر، مسلم لیگ ن کے رہنما حاجی صفدر منیر بھٹی، رانا افتخار احمد خاں، جوائنٹ سیکرٹری مرکزی انجمن تاجران محمد عبدالعلیم سمیت علماءکرام، طلبا، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد موجود تھی۔ قبل ازیں مسلم لیگ ن کے ضلعی نائب صدر و صدر انجمن اسلامیہ جامع مسجد بلاک نمبر12 حاجی محمد ایوب نے اپنی رہائش گاہ پر محمد سعید انور اور ان کے رفقاء کے اعزاز میں پر تکلف ظہرانے کا اہتمام کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں