296

ساہیوال: ڈویژن بھر میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 60 کروڑ روپے سے 72 ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جائیں گی. عارف انور بلوچ، کمشنر.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے او رکمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 60کروڑ روپے کی خطیر رقم سے 72ترقیاتی سکیموں پر کام شروع کیا جا رہا ہے جن میں سڑکوں کی تعمیر، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب اور سیوریج اور ڈرینج کی سکیمیں شامل ہیں۔ ان سکیموں کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ کا خصوصی نظام بھی وضع کیا گیا ہے جس سے عوام کو ان سکیموں کے ثمرات جلد میسر ہونگے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں پنجاب حکومت کے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز محمد زمان وٹو، مریم خان اور احمد کمال مان ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد زاہد اکرام اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ عمران خان کے علاوہ محکمہ ہائی وے، بلڈنگ، ڈویلپمنٹ اور پبلک ہیلتھ کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت ضلع ساہیوال کی تحصیل چیچہ وطنی میں صوبائی وزیر اطلاعات سید صمصام بخاری کے حلقہ پی پی 201اورصوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال کے حلقہ 202 میں 3کروڑ64لاکھ روپے کی لاگت سے 6 واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے۔ 4کروڑ90لاکھ روپے کی لاگت سے ڈرینج اور سیوریج کی 7سکیمیں مکمل کی جائیں گی، 50لاکھ روپے سے سکولوں میں اضافی کلاس رومز تعمیر کئے جائیں گے اور 10کروڑ96لاکھ روپے سے سڑکوں کی تعمیر کی 6 سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔ کمشنر عارف انور بلوچ نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز پر زور دیا کہ وہ سکیموں کی جلد منظوری دیں تا کہ ان پر کام کا فوری آغاز کیا جا سکے۔ انہو ں نے سکیموں پر کام کے دوران ان کی مسلسل مانیٹرنگ اور کوالٹی کو یقینی بنانے کی بھی سختی سے ہدایت کی۔ ان سکیموں میں 1کروڑ 25لاکھ روپے کی لاگت سے چیچہ وطنی شہر کی متعدد سڑکوں کی دوبارہ تعمیر بھی شامل ہے اس کے علاوہ 2کروڑ35لاکھ روپے کی لاگت سے حلقہ پی پی 202میں امینہ بنگلہ سے چک نمبر27/14-Lاور 2کروڑ81لاکھ روپے سے چک نمبر69/12-Lسے کماند تک سڑکوں کی تعمیر نو شامل ہے جبکہ پی پی 194تحصیل عارف والا میں 3کروڑ 75لاکھ روپے کی لاگت سے عارف بورا روڈ سے چک نمبر 67/EBتک سڑک کی تعمیر نو اور 4کروڑ25لاکھ روپے سے عارف قبولہ روڈ سے انصاری چوک عارف والا سٹی تک سڑک کی تعمیر و توسیع شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں