264

ساہیوال: ساہیوال میں صنعتی ترقی اور صنعت کاروں کو در پیش مشکلات کے حل میں حکومت بھر پور تعاون فراہم کرے گی. عبدالرزاق داود. مشیر وزیر اعظم

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) وزیر اعظم پاکستان کے اقتصادی امور کے مشیر عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ ساہیوال میں صنعتی ترقی اور صنعت کاروں کو در پیش مشکلات کے حل میں حکومت بھر پور تعاون فراہم کرے گی تا کہ علاقے میں بے روز گاری اور غربت کا خاتمہ ہو اور صنعتی ترقی کی رفتار میں اضافہ ہو سکے۔ساہیوال میں ایکسپو 2019کے کامیاب انعقاد پر ساہیوال چیمبر کے صدر راشد حمید چوہدری اور ان کی ٹیم خراج تحسین کی مستحق ہے جس کے انعقاد سے صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی ہوئی اور عوام کو ساہیوال میں قائم انڈسٹری کے بارے میں معلومات مہیا ہوئی ہیں ۔انہو ں نے یہ بات اسلام آباد میں آل پاکستان پریذیڈنٹ چیمبرکنونشن کے موقع پر ساہیوال چیمبر کے صدر راشد حمید چوہدری سے خصوصی ملاقات میں کہی ۔انہو ں نے کہا کہ موجودہ حکومت صنعتی ترقی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے جن کے ثمرات جلد آئیں گے۔کنونشن میں پنجاب کے وزیر انڈسٹریز اسلم اقبال نے بھی صدر راشد حمید چوہدری سے ملاقات کی اور انہیں ساہیوال میں 100ایکٹر پر سمال انڈسٹریز اسٹیٹ کے قیام کے لئے حکومت کے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔انہو ں نے کہا کہ وہ جلد چیمبر کے صدور سے خصوصی ملاقات کریں گے تا کہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے ۔انہو ں نے ساہیوال کے دورے کی دعوت بھی قبول کر لی اور کہا کہ ساہیوال کے صنعت کاروں کے مسائل کو جلد حل کرنے کے لئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا ۔کنونشن میں وزیر اعظم عمران خان ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،پاکستان کے تمام 45چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدور اور غیر ملکی سفرا ء نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں