201

ساہیوال: ماضی میں مبینہ ملی بھگت سے نہروں کے کناروں پر درختوں کو بے دردی سے کاٹا گیا. محمد نواز گوند ل اڈیشنل ڈپٹی کمشنر.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد نواز گوندل نے کہا ہے کہ پاکستان کو گرین اور سر سبز بنائے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں، معاشی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگاکر جنگلات کے رقبے میں اضافہ کیا جائے جس سے ماحولیاتی آلودگی کم ہونے کے ساتھ ساتھ کسانوں کو آمدن کے اضافی ذرائع بھی مہیا ہوں۔ انہو ں نے یہ بات لوئر باری دو آب کے کنارے پودے لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ انہو ں نے کہا کہ نہروں کے کنارے درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور معاشرے کے تمام طبقات کو گرین پنجاب کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ انہو ں نے کہا کہ ماضی میں مبینہ ملی بھگت سے نہروں کے کناروں پر درختوں کو بے دردی سے کاٹا گیا جس سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کے ساتھ ساتھ زمینوں کے کٹاؤ کے مسائل بھی پیدا ہوئے، وقت آ گیا ہے کہ محکمہ اریگیشن اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے نہروں کے کناروں پر بھر پور شجر کاری کرے تا کہ پنجاب کو پھر سے سر سبز بنایا جا سکے۔ بعد ازاں انہوں نے نہر لوئر بار ی دو آب کے کنارے پودا لگا کر شجرکاری کا افتتاح کیا جس دوران سرکاری افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور صحافیوں نے بھی پودے لگائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں